ٹرمپ نے 11 کھرب 50 ارب ڈالر کا بجٹ تخمینہ پیش کردیا

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مالی سال 18-2017 کے لیے 11 کھرب 50 ارب ڈالر کا بجٹ تخمینہ پیش کردیا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پہلی بجٹ تجاویز میں فوجی اخراجات میں اضافے اور متعدد مقامی پروگرامز کے بجٹ میں کمی کا اعلان کیا جبکہ بجٹ میں میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری کردہ بجٹ تجاویز کو ‘امریکا فرسٹ: بجٹ بلیوپرنٹ تو میک امریکا گریٹ اگین’ کا نام دیا گیا ہے۔

بجٹ تجویز میں امریکی محکمہ دفاع کے اخراجات میں 10 فیصد یعنی 54 ارب ڈالر اضافہ کیا گیا ہے جبکہ یہ 54 ارب ڈالر غیر ملکی امداد اور مقامی ایجنسیوں کو دیے جانے والے فنڈز میں کٹوتی کرکے حاصل کیے جائیں گے۔

بجٹ تجاویز پیش کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘وہ بجٹ جو امریکا کو سب سے پہلے رکھتا ہو ضروری ہے کہ اس میں شہریوں کی سلامتی کو اولیت حاصل ہو کیوں کہ سلامتی کے بغیر خوشحالی نہیں آسکتی’۔

صدارتی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ میکسیکو اور امریکا کی سرحد پر دیوار تعمیر کریں گے اور اس وعدے کو پورا کرتے ہوئے انہوں نے بجٹ تجاویز میں دیوار کی تعمیر کے لیے رواں برس 1.4 ارب ڈالر فوری طور پر جاری کرنے اور 2018 میں مزید 2.6 ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے۔

بجٹ میں سب سے زیادہ کمی زراعت اور افرادی قوت کے شعبے میں کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے جبکہ وزارت دفاع، محکمہ داخلی سیکیورٹی اور ڈپارٹمنٹ آف ویٹرنز افیئرز کے بجٹ میں اضافے کی تجویز ہے۔

امریکا میں نیا مالی سال یکم اکتوبر سے شروع ہوتا ہے، بجٹ کی منظوری سے قبل امریکی کانگریس میں اس پر زبردست بحث کی جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے