قومی ایتھلیٹ نادیہ نذیر ٹریفک حادثے میں جاں بحق

بہاولنگر: صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولنگر میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں قومی ایتھلیٹ نادیہ نذیر اپنے 5 سالہ بیٹے سمیت جاں بحق ہوگئیں۔

نادیہ نذیر اپنے شوہر اور بیٹے کے ساتھ شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد ساہیوال جارہی تھیں کہ چشتیاں روڈ پر اڈا امین کوٹ کے قریب ایک تیز رفتار ٹریلر نے کار کو ٹکر مار دی۔

حادثے میں نادیہ اور ان کا بیٹا جاں بحق جبکہ شوہر زخمی ہوگئے، جنھیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ساہیوال کے محلہ فرید گنج سے تعلق رکھنے والی نادیہ نذیر 2002 سے پاکستان واپڈا سے منسلک تھیں۔

2007ء میں کراچی میں قومی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں نادیہ نذیر نے دس رکاوٹیں ایک منٹ ایک سیکنڈ میں عبور کر کے نیشنل ریکارڈ قائم کیا، جسے سال 2008ء میں انہوں نے خود ہی توڑ کر نیا ریکارڈ بنا دیا۔

2011ء میں نادیہ کی شادی بہاول نگر میں ہوئی، لیکن شادی کے بعد بھی انہوں نے اپنے اس شوق کو ماند نہیں پڑنے دیا۔

شادی کے بعد 2013ء میں انہوں نے قومی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں شرکت کی، جہاں 100 میٹر ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور فٹبال میں بیسٹ گولر قرار پائیں۔

نادیہ کو 4 مرتبہ قومی چیمپئن رہنے کا اعزاز حاصل ہوا، انھوں نے بین الاقوامی چار سو میٹر دوڑ میں 5 دفعہ کانسی کا میڈل بھی جیتا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے