امریکیوں کو ویزے کے اختیارات 2014 میں واپس لیے گئے

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے امریکا میں سابق سفیر حسین حقانی کو ویزے جاری کرنے کے اختیارات دینے کا معمہ حل ہوگیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں متنازعہ خط موضوع بحث رہا اور اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ سابق وزیراعظم کی جانب سے لکھے گئے خط کو موجودہ حکومت نے 2014 میں واپس لے لیا تھا۔

وزارت داخلہ کے سنیئراہلکار نے تصدیق کی ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کی ہدایت پر مذکورہ خط سے دستبردار ہوگئے تھے۔

ان کا کہناتھا کہ حسین حقانی کی جانب سے خلاف ضابطہ درخواست گزاروں کے کوائف کی تصدیق کیے بغیر ہزاروں امریکیوں کو ویزے جاری کیے گئے۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کے زبانی احکامات پر اختیارات کو ختم کردیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم کی پرنسپل سیکرٹری نرگس سیٹھی کے دستخط کے ساتھ جاری ہونے والے خط میں واضح کیا گیا تھا کہ ‘امریکی اہلکاروں کے پاکستان کے دورے کے لیے موجودہ پالیسی کے تحت واشنگٹن میں سفیر کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ مخصوص دورانیے کے لیے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ جیسے متعلقہ امریکی اداروں کی جانب سے تحریری طور پر تجویز کردہ درخواستوں پر ویزہ جاری کرنے کے اختیارات دیے جاتے ہیں تاہم انھیں درخواست فارم کے ساتھ پاکستان کے دورے کی وجوہات بھی واضح طور پر درج کرنا ہو گی’۔

خط میں لکھا گیا تھا کہ ‘وزیراعظم کو اس بات کی خوشی ہے کہ ان احکامات کے فوری نافذ ہونے سے واشنگٹن میں موجود سفیر بااختیار ہوں گے اور ایک سال کی مدت کے لیے پاکستان میں متعلقہ اداروں کی جانچ کے بغیر ویزے جاری کرنے کا اختیار ہوگا اور واشنگٹن میں موجود پاکستانی سفارت خانہ یہ ویزے اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس کے دفتر کی آگاہی کے تحت جاری کرے گا’۔

یہ تاحال ایک معمہ تھا کہ حکام کو یہ اختیارات حاصل ہیں تاہم وزیراعظم کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کو ویزوں کے براہ راست اجرا کے اختیارات سونپ دیے گئے تھے لیکن انکشاف کے بعد یہ واضح نہیں تھا کہ آیا 14 جولائی 2010 کو جاری ہونے والے احکامات تاحال جاری ہیں یا ختم کردیے گئے ہیں۔

گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں وزیرداخلہ نے نیشنل ڈیٹا بیس ایند رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو پاکستانی سفارت خانوں کے ذریعے غیرملکیوں کو ویزے جاری کرنے کے لیے ایک مرکزی ڈیجیٹل ڈیٹا بینک قائم کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ طریقہ کار سے غیرملکیوں کو پاکستان کے دورے کے لیے کسی بھی کیٹگری کے ویزے کے حصول کے لیے آن لائن وقت ملے گا یہ نظام ایک ہی وقت میں شفافیت بھی لائے گا۔

اجلاس میں سیکرٹری داخلہ عارف احمدخان، نادرا کے چیئرمین عثمان یوسف مبین، ائر ونگ کے ڈائریکٹر جنرل اور وزارت داخلہ کے سینیئر حکام بھی موجود تھے۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ویزے کے لیے ڈیجیٹیل ڈیٹا بینک اور ویزے کے اجرا کا طریقہ کار ریاست کو تمام غیرملکیوں پر نطر رکھنے میں معاون ہوگا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ غیرملکیوں کے بغیر مصدقہ کاغذات کے پاکستان میں داخلے کے حوالے سے گزشتہ تین برسوں میں کئی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

انھوں نے نادرا کو ویزے کے اجرا کے لیے آن لائن نظام کر بہتر کرنے کا حکم دیا تاکہ تمام چیزیں ریکارڈ پر آجائیں اور اس میں کسی بدانتظامی کی گنجائش نہیں ہوگی۔

وزیرداخلہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کا فضائی احاطہ پاک-افغان سرحد اور بلوسچستان کے خاص علاقوں میں دہشت گردی، عسکریت پسندی، انتہاپسندی اور منشیات کے خلاف لڑنے کے لیے ہے اور اس حوالے سے سیکیورٹی فورسز کو تعاون کرنے کے لیے مضبوط مددگار ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے