آرمی چیف پاکستان میں جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہونے والی ملاقات کے اگلے ہی روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ’خوش خبری‘ سناتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف پاکستان میں جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔اسلام آباد میں ماحولیاتی تبدیلیوں اورخیبر پختونخوا میں بلین ٹری منصوبے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں عمران خان نے آرمی چیف کی جانب سے جمہوریت کی حمایت کو اچھی خبر قرار دیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ملاقات کی تھی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور عمران خان کی ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔پی ٹی آئی کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف اور عمران خان کے درمیان گھنٹہ بھر جاری رہنے والی ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ملاقات میں خطے کی صورتحال اور بین الاقوامی حالات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ دہشت گردی کی تازہ لہر اور اس کے انسداد کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ملاقات میں داخلی طور پر بے گھر آبادی کی قبائلی علاقوں میں آباد کاری پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی اور قیام سے متعلق امور پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسلام آباد میں شرکا سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ تقریب کا انعقاد ماحولیاتی تبدیلی پر بات چیت کے لیے کیا گیا ہے اور اگر وہ کسی اور بارے میں بات کرنے لگے تو ساری بات چیت آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے ہوگی۔اسلام آباد میں بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک کے مستقبل کے لیے سوچنا ہوگا کیونکہ پاکستان گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کے پی حکومت نے ماحولیات سے متعلق اقدامات کیے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’خیبر پختونخوا نے درخت لگا کر دیگر صوبوں کے لیے مثال قائم کی ہے، ڈبلیو ڈبلیو ایف نے اس منصوبے کا آڈٹ کرایا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ مہم 83 فیصد تک کامیاب رہی‘۔چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ٹمبر مافیا سے 22 ارب روپے کی زمین واگزار کرائی گئی۔انہوں نے کہا کہ’ 80 کروڑ درخت لگائے جاچکے ہیں جبکہ 2017 کے آخر تک ایک ارب درختوں کا منصوبہ مکمل ہوچکا ہوگا‘۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اس مہم کا پورے ملک میں بہت اچھا اثر پڑے گا، اور مستقبل کی نسلیں اس سے فائدہ اٹھاسکیں گی۔خیال رہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے صوبے میں ٹمبر مافیا کے خلاف ایکشن لینے اور درختوں کو بچانے کے لیے بلین ٹری سونامی پروگرام کا آغاز کیا تھا۔اس منصوبے کا آغاز جون 2015 میں ہوا تھا جبکہ 2016 میں خیبرپختونخوا حکومت نے درختوں کی نرسریز کے قیام کے لیے معاہدے اور قرضے جاری کیے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے