پاک فضائیہ اور برطانوی شاہی فضائیہ کے نمبر9 اسکواڈرن ہم پلہ قرار

پاک فضائیہ کی درخشاں تاریخ میں ایک اور سنہرا باب رقم ہوگیا اور پاکستان ایئرفورس (پی اے ایف) کا نمبر 9 اسکواڈرن برطانوی شاہی فضائیہ کے نمبر 9 اسکواڈرن کے ہم پلہ قرار دے دیا گیا۔

پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق اس سلسلے میں انتہائی پروقار تقریب سرگودھا میں پی اے ایف بیس مصحف پر منعقد ہوئی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق برطانوی شاہی بحریہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سٹیفن جان ہیلیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اس موقع سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی موجود تھے۔

ایئر چیف مارشل سہیل امان نے اپنے خطاب میں پاک فضائیہ کی بنیاد رکھنے والے پہلے 4 برطانوی کمانڈر ان چیفس کا ذکر کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ کے تمام سربراہ اپنے پیش رو کمانڈرز کے نقش قدم پر چلے۔

ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ ہر سربراہ نے فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے انتھک محنت کی اور پاک فضائیہ کو پاکستان کا اہم جنگی اثاثہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے نمبر 9 اسکواڈرن سنہری تاریخ کے حامل ہیں، جو اپنے قیام سے آج تک ہمیشہ فضائیہ کا ہر اول دستہ رہا۔

سہیل امان نے امید کا اظہار کیا کہ ہم پلہ اسکواڈرنز قرار دینے سے باہمی تجربات سے سیکھنے اور تعلقات مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر برطانوی شاہی بحریہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سٹیفن جان ہیلیر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ اپنی پیشہ وارانہ مہارت کے باعث دنیا بھر میں قابل احترام ہے اور کئی اعزازات وطن لائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے پیش روؤں کی سنہری تاریخ کو آگے لے کر چلنا ہے اور نمبر 9 اسکواڈرن کو جڑواں قرار دینے سے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے ایف 16 طیاروں نے دلکش فضائی مظاہرہ پیش کیا، جبکہ پاک فضائیہ اور برطانوی شاہی فضائیہ کے سربراہان نے بھی ایف 16 طیاروں کا خصوصی مشن اڑایا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کوئی غیرملکی فوجی سربراہ کسی مشن میں پاک فضائیہ کے سربراہ کے ساتھ شریک ہوا۔

واضح رہے کہ برطانوی شاہی فضائیہ کا نمبر 9 اسکواڈرن 1914 میں قائم ہوا، جس کے پاس ٹارنیڈو طیارے ہیں۔

دوسری جانب پاک فضائیہ کا نمبر 9 اسکواڈرن 1943 میں معرض وجود میں آیا، جو ایف 16 طیاروں پر مشتمل ہے۔

یہ اسکواڈرن دوسری جنگ عظیم میں برما کے محاذ پر لڑا، جب ایئر چیف مارشل اصغر خان بحیثیت اسکواڈرن لیڈر، نمبر 9 اسکواڈرن کی کمان کر رہے تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک-بھارت جنگوں میں بھی نمبر 9 اسکواڈرن کی کلیدی اہمیت رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے