سعودی عرب نے عمرہ سیزن میں ایک ماہ کا اضافہ کردیا

ریاض: سعودی عرب کی حکومت نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے والے زائرین کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے عمرے کے سیزن میں ایک ماہ کا اضافہ کردیا۔

اب عمرے کاسیزن 15 رمضان المبارک کے بجائے 15 شوال کو ختم ہوگا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے 4 اپریل کوعمرے کے سیزن میں ایک ماہ کے اضافے کا اعلان کیا۔

سعودی عرب کے وزارت حج و عمرہ کے مطابق اب عمرہ زائرین 15 شوال تک عمرے کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ عام طور پر عمرے کا سیزن 8 ماہ تک چلتا ہے، جو صفر سے لے کر رمضان المبارک تک جاری رہتا ہے، سعودی حکومت نے 2016 میں وژن 2030 کے تحت عمرے کے سیزن کا دورانیہ بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔

دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں مسلمان عمرے کی ادائگی کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں، پاکستان کا شمار عمرے کی ادائگی والے چند بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔

سعودی حکومت نے جہاں عمرے کے سیزن میں ایک ماہ کا اضافہ کیا، وہیں سعودی حکام نے رواں سال 2017 کے لیے پاکستان کے حج کوٹا میں بھی اضافہ کیا تھا۔

حرم کے توسیعی منصوبے پر تعمیراتی کام ہونے کی وجہ سے پاکستان کا حج کوٹا 2013 میں کم کیا گیا تھا، جسے گزشتہ ماہ مارچ میں بحال کرتے ہوئے سعودی حکومت نے اعلان کیا کہ اب پاکستان کے ایک لاکھ 79 ہزار 210 زائرین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کے مطابق حج کوٹا کی بحالی کے بعد سعودی حکومت اور وزارت مذہبی امور کے درمیان معاہدے پر دستخط بھی ہوگئے ہیں، جس کے تحت سال 2017 میں ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی زائرین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

دوسری جانب تاحال وفاقی حکومت کی جانب سے تاحال حج پالیسی کا اعلان نہ ہونے پرسپریم کورٹ نے حکومت سے سات روز میں ’حج پالیسی 2017‘ طلب کرلی۔

سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے حج ٹور آپریٹرز کی رجسٹریشن سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران حج پالیسی کے اعلان نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور حکومت سے ایک ہفتے کے اندر پالیسی طلب کرلی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے