چین کی پاکستانی گَدھوں میں دلچسپی

ایک دور تھا جب ملک میں پاکستانی فلموں کا طوطی بولتاتھا اس دور میں ایک فلم بنی تھی ”انسان اور گدھا ” اس میں اداکار رنگیلانے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے اس فلم میں انسان اور گدھے کا موزانہ کیا گیا تھا رنگیلا اس فلم میں گدھے سے انسان بنا لیکن جب انسانوں کے دئیے ہوئے دکھ سے وہ دل برداشتہ ہوگئے تو اس نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اسے پھر گدھا بنا دیا جائے اللہ نے اس کی دعا قبول کی اور اسے پھر انسان سے گدھا بنا دیا

اس کے بعد پاکستان میں گدھوں کی بہتات ہوگئی مختلف قسم سوری مختلف نسل کے گدھے سامنے آئے سن 1971 تک گدھے تو بہت تھے لیکن اعلیٰ نسل کے تھے اس کے بعد پھر جیسے فارم کھل گئے اعلیٰ اور عام نسل کے گدھے بہت ہوگئے اب خبر آئی ہے کہ چین پاکستان سے گدھے درآمد کرنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں خیبر پختونخوا کی حکومت سے ایک معاہدہ بھی کرلیا گیا ہے اب یہ ابھی کنفرم بات نہیں کہ ایسا واقعی ہوا ہے یا نہیں کیونکہ صوبائی حکومت نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی ہے اور نہ ہی کوئی تردید کی ہے

مخالفین تواس معاہدے کا مذاق اڑا رہے ہیں لیکن بعض حلقے اس معاہدے کا خیرمقدم کررہے ہیں چونکہ چین ہمارا پڑوسی ملک ہے اس لیے خربوزہ خربوزے کو دیکھ کر رنگ پکڑتا ہے چین نے بھی اب پاکستان کو دیکھ کر رنگ پکڑ لیا ہے اور انہیں بھی اب گدھوں کی کی ضرورت پڑ گئی ہے

کسی دور میں امریکہ بھی پاکستان کی دوستی کا دم بھرتا تھا لیکن جب سے امریکہ میں گدھا انتخابات لڑنے سامنے آگیا تب سے وہ دوستی ہوا ہوگئی اور بیچارہ گدھا بدنام ہوگیا امریکہ کی بات چل نکلی ہے تو یہ تو آپ کے علم میں ہوگا کہ امریکی گدھے پاکستان کے مقابلے میں بہت ہی اچھے ہوتے ہیں وہاں کے گدھے اربوں اور کھربوں ڈالر والے بھی ہیں جبکہ پاکستان کے گدھے امریکہ کے مقابلے میں گدھے ہی ثابت ہوئے ہیں

چونکہ پاکستان گدھوں کے معاملے میں خود کفیل ہے اس لیے چین کی نظر سب سے پہلے اپنے دوست ملک پاکستان پر پڑی ویسے بھی چین ہر معاملے میں پاکستان کو ترجیح دیتا ہے اس لیے گدھوں کے معاملے میں بھی اس نے پاکستان کو ہی ترجیح دی بھارت بھی اس کا پڑوسی ملک ہے جہاں ہر طرف گدھے ہی گدھے نظر آتے ہیں اورچند سال سے تواب انتہا پسند گدھے توبھارت میں بہت ہی زیادہ ہوگئے ہیں لیکن چونکہ بھارت پاکستان اور چین دونوں کامشترکہ حریف ہے اس لیے بھارت چین کی ترجیح نہیں رہا

قریب پاس پروس میں بنگلہ دیش بھی موجودہے وہاں بھی گدھوں کی کمی نہیں لیکن وہ بھی چین کی نظر عنایت سے محروم رہا چین چونکہ ہمارا پڑوسی تو ہے لیکن قریبی دوست ملک بھی ہے ہر اچھے برے موقع پر وہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے دونوں ملکوں کی دوستی کو بھی مثالی قرار دیا جارہا ہے اور حقیقت بھی یہی ہے جس کا ثبوت پاکستان میں بڑے پیمانے پر چین کی سرمایہ کاری ہے جس میں بعض منصوبے گدھوں کے حوالے بھی کئے گئے ہیں

چونکہ چین میں گدھوں کی بہت قلت ہے بلکہ وہاں حکومتی سطح پر گدھے تو ہیں ہی نہیں اور نہ ہی وہ حکومتی سطح پر گدھے رکھنے کے روا دار ہیں جبکہ پاکستان اس معاملے میں خود کفیل ہے اس لیے حق دوستی بھی یہی ہے کہ ہم بھی اپنے دوست کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں سو اس سلسلے میں کے پی کے کی حکومت نے پہل کردی اور چین کی طرف تعاون کا ہاتھ بڑھا دیا

چین اب کے پی کے سے گدھے خریدے گا اور کے پی کے کے گدھے اب چین جائیں گے اس صوبے کے گدھوں کی تو موجیں ہی ہوگئیں لیکن کے پی کے میں گدھے تو ہیں لیکن اتنے نہیں کہ چین کی ضرورت پوری کرسکے اس صوبے سے زیادہ پنجاب میں گدھے بہت ہیں چونکہ بڑا صوبہ ہے اس لیے اس حساب سے گدھے بھی زیادہ ہوں گے پھر سندھ میں تو اس سے بھی زیادہ ہیں وہاں ایک ڈھونڈوہزار ملیں گے ویسے بلوچستان بھی اس نعمت سے محروم نہیں وہاں بھی ہر نسل کے گدھے برائے سیل دستیاب ہیں ویسے

اگر یہ کہا جائے کہ پاکستان میں گدھوں کی سیل کی منڈی لگائی جائے تو تھوک کے حساب سے گدھے برائے فروخت سامنے آجائیں گے یہاں ہر قسم کے گدھے پائے جاتے ہیں ہمارے ہاں گدھے سیاست میں بھی آگئے سماجی شعبہ بھی ان سے خالی نہیں کچھ گدھے کرپٹ ہیں کچھ گدھوں نے مافیا کی صورت اختیار کر لی ہے کچھ تو غداری میں بھی بھی ماہر ہیں بعض تو ایسے ہیں کہ کوئی نظریں چرانا ان سے سیکھے آج یہاں کل وہاں’ ایسے ایسے کارنامے کرتے ہیں کہ دنیا دانتوں میں انگلی دبائے حیرت سے دیکھتی ہی رہ جاتی ہے

تجارت اور پروڈکشن کے شعبے میں بھی گدھوں کی کمی نہیں جو اپنے ہم وطنوں کا خون چوستے ہیں جن کے ساتھ بعض سرکاری بڑے گدھے بھی ملے ہوئے ہیں کیونکہ ان کو بھی اچھی خاصی گھاس پوس مل جاتی ہے لیکن چونکہ اب پاکستانی ان گدھوں کے ساتھ عادی ہوچکے ہیں اس لیے اب انہوں نے بھی جینا سیکھ لیا ہے لیکن چونکہ چین میں گدھے کم بلکہ انتہائی کم ہیں اس لیے وہ اب ہمارے گدھوں کے پیچھے پڑگئے ہیں

اس لیے اگر وہ ایک طرف اپنے منصوبے خود مکمل کررہے ہیں تو دوسری طرف ہم سے گدھے بھی خرید رہے ہیں تاکہ پاکستان میں گدھے کم ہو جائیں اگر دیکھا جائے تو یہ ایک اچھا منصوبہ ہے دوسرے صوبوں کو بھی کے پی کے حکومت کی تقلید کرنی چاہیے تاکہ پاکستان میں گدھے کم ہوں

چین کو پاکستانی گدھوں کی ضرورت پڑگئی یہ بھی پاکستان کے لیے ایک اعزاز سے کم نہیں اللہ کرئے کہ پاکستان میں گدھے کم ہوں اللہ کرئے اتنے کم ہوں کہ ہزار ڈھونڈو تو ایک بھی نہ ملے لیکن شاہد ہماری یہ خواہش کبھی بھی پوری نہ ہویہاں تو اب وراثت بھی گدھوں کی بھی چل نکلی ہے اس صورت میں ہماری خواہش کہاں پوری ہوسکتی ہے اسی لیے شاعر نے کہا ہے کہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے