ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کے تحت کارروائیاں، 5 ہلاک 11 گرفتار

پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں آپریشن رد الفساد کے تحت گذشتہ 24 گھنٹوں میں انٹیلی جنس کارروائیوں کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ 11 کو گرفتار کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے صوبہ پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور فاٹا کے مختلف علاقوں میں 12 انٹیلی جنس کارروائیاں اور 29 سرچ آپریشنز کئے۔

بیان میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے علاقے منڈ میں ایک انٹیلی جنس آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور انٹیلی جنس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ایف سی کے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کہنا تھا کہ ایف سی نے خیبرپختونخوا میں خیبرایجنسی کے علاقے بار قمر خیل میں انٹیلی جنس کے تحت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔

سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں شاہد اور عبدالرزاق نامی دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، جو غیرملکیوں کی ہدایت پر ایک بڑے حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں سے بڑے پیمانے پر دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی اداروں نے جنوبی وزیرستان کے علاقے گیگا خیل میں ایک علیحدہ سرچ آپریشن کے دوران بڑے پیمانے پر دھماکا خیز مواد قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں سیکیورٹی فورسز نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 سرچ آپریشن کیے، جس میں 9 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ سرچ آپریشنز بھالپور، رحیم یار خان، لودھراں، پاک پتن، بہاولنگر اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں کیے گئے۔

خیال رہے کہ رواں سال 22 فروری کو پاک فوج نے ملک بھر میں آپریشن ’رد الفساد‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس موقع پر آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں سیکیورٹی اجلاس میں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: آپریشن رد الفساد : 4 دہشتگرد ہلاک، 600 گرفتار، آئی ایس پی آر

بیان میں کہا گیاتھا کہ ملک بھر کو اسلحہ سے پاک کرنا، بارودی مواد کو قبضے میں لینا آپریشن کے اہم جز ہیں، جبکہ آپریشن کا مقصد ملک بھر میں دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

آپریشن ’رد الفساد‘ نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہے جس کے دوران پنجاب میں انسداد دہشت گردی کے لیے رینجرز بڑے پیمانے پر کارروائی کرے گی، جبکہ آپریشن میں فضائیہ، بحریہ، سول آرمڈ فورسز اور سیکیورٹی ادارے شریک ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے