مفتی نعیم کا مصطفیٰ کمال کے ملین مارچ کی حمایت کا اعلان

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہماری کسی سے لڑائی نہیں ، اپنے 16 میں سے8 مطالبات تو میئر کراچی کے لیے مانگ رہے ہیں ، ہمارے مطالبات پر عمل نہ ہوا تو کراچی رہنے کے قابل نہیں ہوگا ۔

مفتی نعیم نے بھی مصطفیٰ کمال کے ملین مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ باطل نے ہمیں آپس میں لڑا کر تقسیم کیا۔

چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال اور صدر انیس قائم خانی نے جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم سے جامعہ بنوریہ سائٹ میں ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ مفتی نعیم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ ہمارے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا، 16 مطالبات لے کر کراچی کے تمام علماء کرام، وکلاء، تاجروں اور سول سوسائٹی کے پاس جائیں گے اور دعوت دیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ ایک سال سے زائد کی جدوجہد میں کسی کو ایک پتھر تک نہیں مارا ، ہمارے آنے سے قبل اردو بولنے والوں کی ایک جماعت تھی جو حکومت میں شامل رہی لیکن مسائل جوں کے توں رہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ذاتی مفادات کی خاطر عوام کے مینڈیٹ کا سودا کیا گیا، پیپلز پارٹی کو تمام چیزوں پر دسترس کیلئے چھوٹ دی گئی، پاکستان کی چھوٹی اور بڑی جماعتیں پاک سرزمین پارٹی کی وجہ سے مسائل پر دھرنا اور جلسے کر رہی ہیں۔

اس موقع پر مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ جامعہ بنوریہ کیلئے مصطفیٰ کمال نے نظامت کے دور میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔

انہوں نے مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار کو آپس میں اتفاق پیدا کرنے کا بھی مشورہ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے عام عوام کو مسائل سے نجات دلوانے کی جدوجہد کا آغاز کیا ہے اور کراچی کیلئے جدوجہد پر ان کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے