راولپنڈی: فورسز کی کارروائی، 2 مشتبہ دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی میں رینجرز، پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

تھانہ صدر واہ کے ایس ایچ او یاسر ربانی نے ڈان کو بتایا کہ پنڈ ملہی روڈ پر رینجرز آپریشن کے دوران فائرنگ سے دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رینجرز،پولیس اور حساس اداروں کا مشترکہ کومبنگ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران ایک گھر سے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی،اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

بعد ازاں پولیس اور رینجرز نے گھر کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیموں کو موقع پر طلب کر لیا اور گھر کی تلاشی لی گئی۔

ایس ایچ او یاسر ربانی کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت عصمت اور محمد عباس کے نام سے ہوئی ہے،دونوں مبینہ دہشت گردوں کا تعلق چارسدہ اور پشاور ہے۔

دونوں مبینہ دہشت گرد زیر تعمیر مکان میں رہائش پذیر تھے جن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، ہینڈ گرنیڈ اور خود کش جیکٹ بھی برآمد ہوئی ہے۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ مبینہ دہشت گردوں کے زیر استعمال موبائل فونز بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں جن کی کال ریکارڈز تفصیلات لی جا رہی ہیں جبکہ دونوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ 22 فروری 2017 کو پاک فوج نے ملک بھر میں آپریشن ’رد الفساد‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں سیکیورٹی اجلاس میں کیا گیا تھا اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس آپریشن کو شروع کرنے کا مقصد ملک بھر کو اسلحہ سے پاک کرنا، بارودی مواد کو قبضے میں لینا، ملک بھر میں دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

22 فروری کو ہی وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو 60 روز کے لیے خصوصی اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری دی تھی۔

اس کے بعد آپریشن ’رد الفساد‘ کا عملی طور پر آغاز 23 فروری کو ہی علی الصبح کردیا گیا تھا اور اس کے تحت سب سے پہلے راولپنڈی میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی تھی۔

اس کارروائی کے نتیجے میں 13 افغان باشندوں سمیت 40 مشکوک افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا تھا جبکہ ان کے قبضے سے بڑے پیمانے پر ہتھیار بھی برآمد ہوا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے