2018 میں شیر کبوتر کو اٹھا کر لے جائے گا: وزیراعظم

وزیراعظم نواز شریف نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے انھیں ملک میں ‘لوڈشیڈنگ کا موجد’ قرار دے دیا اور کہا کہ ترقی کے کاموں میں رکاوٹ نہ ڈالیں، جن کا اصل فائدہ غریب عوام کو ہوگا۔

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے دورے کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے 68 کلومیٹر طویل پانی کی سرنگوں کی تکمیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ‘جن لوگوں نے قوم کو لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کیا، وہی احتجاج کی بات کر رہے ہیں’۔

سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‘گالیاں دینے کی پالیسی شاید آپ کا ایجنڈا ہے، لیکن آپ کو معلوم نہیں کہ عوام کی آنکھوں میں آپ کا جو مقام ہے، وہ کتنی بری طرح سے خراب ہو رہا ہے’۔

ساتھ ہی انھوں نے کہا، ‘بدزبانی کریں لیکن ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ نہ ڈالیں’۔

وزیراعظم نے کہا، ‘آپ اپنی بند آنکھیں کھولیں اور یہاں آکر دیکھیں کہ یہاں کیا ہو رہا ہے، یہاں انقلاب آرہا ہے’۔

انھوں نے کہا کہ ‘ملک میں ہر مہینے نئے نئے پاور پلانٹس کا افتتاح ہو رہا ہے، کہیں کوئلے سے بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں اور کہیں پانی سے بجلی بنانے والے منصوبے لگ رہے ہیں، یہ بہت بڑے ایجنڈے ہیں اور ملک میں انقلاب برپا ہورہا ہے’۔

وزیراعظم نے مخالفین پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ ‘آپ لوگ دعوے تو بڑے بڑے کرتے ہیں، لیکن الیکشن ہار جاتے ہیں اور پھر کبوتر کی طرح آنکھیں بن کرکے بیٹھ جاتے ہیں’، ساتھ ہی انھوں نے اپنے انتخابی نشان ‘شیر’ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا، ‘2018 میں شیر، کبوتر کو اٹھا کر لے جائے گا’۔

اس موقع پر وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ‘ماضی کی حکومتوں میں آئے روز اخباروں میں کوئی نہ کوئی اسکینڈل سامنے آتا رہتا تھا لیکن ہمارے 4 سالہ دور میں ایک بھی اسکینڈل سامنے نہیں آیا’۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پرجیکٹ کا دورہ کیا۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پرجیکٹ کا 92 فیصد تعمیری کام مکمل ہو چکا ہے جس میں دشوار گزار علاقوں میں وسیع سرنگوں کی کھدائی کا کام شامل ہے۔

نیلم جہلم ہائیڈرو پرجیکٹ کا پہلا یونٹ اگلے سال فروری کے اختتام تک بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا جبکہ اس کا دوسرا یونٹ مارچ کے مہینے میں بجلی بنانا شروع کر دے گا اس کے علاوہ اس پروجیکٹ کے تیسرے اور چوتھے یونٹ کو اگلے سال اپریل میں مکمل کر لیا جائے گا۔

969 میگا واٹ بجلی کی پیدوار کا حامل اس پروجیکٹ کا مکمل ہونا ہی ایک سنگ میل ہے۔

اس موقع پر چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے