امریکا،جنوبی کوریا نےکم جونگ کےقتل کی کوشش کی،شمالی کوریا کاالزام

سیئول: شمالی کوریا نے امریکا اور جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسیوں پر شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے بائیو کیمیکل ہتھیاروں سے قتل کی ناکام کوشش کا الزام عائد کردیا۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں وزارت قومی سلامتی کی جانب سے کہا گیا کہ وہ ملک کی اعلیٰ قیادت کو ہدف بنانے پر ’سی آئی اے‘ اور جنوبی کوریا کی انٹیلی جنس ایجنسی میں موجود دہشت گردوں کا سراغ لگا کر ان کا بے رحمی سے خاتمہ کرے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ ’خفیہ ایجنسیوں نے جون 2014 میں روس میں کام کرنے والے شمالی کوریا کے ایک شہری کو وطن واپس لوٹ کر کم جونگ اُن کو مبینہ طور پر دھوکے سے قتل کرنے کے لیے نظریاتی طور پر کرپٹ بنایا اور اسے رشوت دی۔

جنوبی کوریا کے ایجنٹس نے کم جونگ پر عوامی اجتماع میں بائیو کیمیکل ہتھیار، جیسے کہ تابکاری مادے یا نینو زہریلے مادے سے حملے کے لیے اس شہری کو پیسے اور سیٹلائٹ کمیونیکیشن آلات دیئے۔

شمالی کوریا کی وزارت قومی سلامتی کے بیان میں مزید کہا گیا کہ کئی بار کے روابط اور رقوم دیئے جانے کے بعد ایجنٹس نے گزشتہ ماہ شمالی کوریا کے شہری کو بتایا کہ بائیو کیمیکل مادے کی قسم کا فیصلہ ہوگیا ہے اور وہ مادہ اسے ’سی آئی اے‘ کی طرف سے فراہم کردیا جائے گا۔

بیان کے مطابق کم جونگ کے قتل کی اس مبینہ منصوبہ بندی کے ردعمل میں شمالی کوریا اپنے اسٹائل کے انسداد دہشت گردی حملے میں امریکا اور جنوبی کوریا کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا خاتمہ کرے گی۔

شمالی کوریا کی طرف سے امریکا اور جنوبی کوریا پر اکثر تنقید کی جاتی ہے، لیکن اس کی جانب سے لگایا گیا یہ الزام غیر معمولی ہے۔

چھٹے جوہری تجربے کی دھمکی دینے والے شمالی کوریا کی گزشتہ کچھ عرصے سے امریکا کے ساتھ شدید لفظی جنگ چل رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے