کراچی: دہشتگردوں نے گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ کردی

کراچی میں شرپسندوں نے دھماکے سے گیس پائپ لائن کو اڑایا جس کے نتیجے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔

دہشت گردوں کی جانب سے کراچی میں گیس پائپ لائن پر ہونے والا یہ پہلا حملہ ہے جبکہ اندورن سندھ اور بلوچستان میں اکثر گیس پائپ لائنوں کو دھماکے سے اڑانے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

کراچی کے علاقے منگھو پیر میں دہشت گردوں نے 16 انچ قطر کی لائن کو تباہ کرنے کے لیے 500 گرام بارودی مواد استعمال کیا۔

اطلاعات کے مطابق اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی بلوچستان طرز کی کارروائی منگھوپیر کے علاقے میں بدھ کو رات گئے کی گئی۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق حب ندی کے قریب سوئی سدرن گیس کی مرکزی پائپ لائن پر دیسی ساختہ بم نصب کرکے دھماکا کیا گیا۔

حکام نے اس واقعے میں کالعدم قوم پرست تنظیموں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

ایس ایس پی محکمہ انسداد دہشت گردی مظہر مشوانی نے بتایا کہ قوم پرست تنظیمیں دیگر شہروں میں پہلے بھی اس طرح کے دھماکے کرچکی ہیں اور یہ اسی طرز کا دھماکا ہے۔

گیس کی لائن تباہ ہونے سے بنارس،اورنگی ٹاؤن، کہکشاں سوسائٹی، پنجاب ٹاؤن اور منگھوپیر کے اطراف کے علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔

دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ پائپ لائن کی مرمت کا کام جاری ہے اور متاثرہ علاقوں میں ممکنہ طور پر جلد گیس فراہمی بحال کردی جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے