یونس خان کے اعزاز میں لارڈز میں تقریب

لیجنڈ پاکستانی کرکٹر یونس خان کے اعزاز میں کرکٹ کے گھر کہلانے والے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مایہ ناز بیٹسمین کی کرکٹ کے لیے خدمات کو سراہا گیا۔

ریکارڈ ساز پاکستانی بیٹسمین کے اعزاز میں یہ تقریب لارڈز کے ’دی لانگ روم‘ میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی شریک تھے۔

تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر برائے برطانیہ سید ابن عباس، وزڈن کے ایڈیٹر لارنس بوتھ، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی، سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب کے مہمان خصوصی ابن عباس تھے جنہوں نے کہا کہ یونس خان نوجوانوں کے لیے قابل تقلید شخصیت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونس خان نے اپنے 17 سالہ کیریئر کا ویسٹ انڈیز کو اس کی اپنی سرزمین پر پہلی بار شکست دے کر تاریخی اختتام کیا جس پر میں انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ ’34 سنچریوں کی مدد سے 10 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی کا اعزاز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والے ٹیم کی قیادت کرکے آپ نے تاریخ رقم کی اور پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا‘۔

یونس خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ ’یونس خان جیسے کھلاڑی کے ساتھ کام کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں‘۔

اس موقع پر قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ’یونس خان اس تمام عزت و وقار کے حقدار ہیں، میں گزشتہ چند برسوں سے ان کے ساتھ کھیل رہا ہوں اور میں نے انہیں ہمیشہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے بھرپور پایا‘۔

وزڈن کے ایڈیٹر لارنس بوتھ نے تقریب میں خاص طور پر یونس خان کی اس اننگز کا تذکرہ کیا جو انہوں نے گزشتہ برس اوول کے میدان میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’انگلینڈ کے خلاف 2016 میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان پر پریشر تھا لیکن یونس خان نے 218 رنز کی اننگز کھیل کر سیریز برابر کرنے میں مدد دی‘۔

اس موقع پر خود یونس خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’میں آپ تمام لوگوں کو مشکور ہوں اور اس بات کے لیے پرعزم ہوں کہ آنے والے دنوں میں بھی پاکستان کرکٹ کی خدمت کرتا رہوں گا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلنا اور 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنا میرے لیے بڑا اعزاز ہے جبکہ میں پاکستان میں موجود اپنے مداحوں کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے پورے کیریئر کے دوران مجھے بھرپور محبت اور سپورٹ دیا‘۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے