چینی شہریوں کے اغواء کامقدمہ درج، بازیابی کیلئے پولیس ٹیم تشکیل

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے گذشتہ روز اغواء ہونے والے چینی شہریوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے پولیس کی 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

واضح رہے کہ 2 چینی شہریوں کو گذشتہ روز کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن سے مسلح افراد نے اغواء کرلیا تھا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے سربراہ اعتزاز گورایہ تفتیشی ٹیم کی سربراہی کریں گے، جبکہ دیگر ارکان میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انویسٹی گیشن اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس صدر شامل ہیں۔

بلوچستان پولیس کے سربراہ احسن محبوب نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور جناح ٹاؤن میں متعلقہ حکام سے چینی شہریوں کے اغواء کے معاملے پر بات چیت کی۔

پولیس چیف احسن محبوب نے بتایا کہ مغویوں کی بازیابی کے لیے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے اور شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔

دوسری جانب چینی شہریوں کے اغواء کی ایف آئی آر بھی جناح ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی، ذرائع کے مطابق مقدمے میں دہشت گردی اور اغواء سے متعلق دفعات شامل کی گئیں۔

آئی جی پولیس اور دیگر سینئر افسران نے بھی کوئٹہ کے پٹیل پاڑہ روڈ پر واقع چینی شہریوں کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔

پولیس اور حساس اداروں نے مذکورہ علاقے کی تلاشی لی اور قریبی دکانداروں، رہائشیوں اور دیگر حکام سے بھی بات چیت کی۔

ایک غیر سرکاری ادارے سے وابستہ ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ‘ہم نے تمام دستیاب معلومات پولیس اور سیکیورٹی عہدیداروں کو فراہم کردیں’۔

ابھی تک واقعے کی ذمہ داری کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔

گذشتہ روز چینی شہریوں کے اغواء کی تصدیق کرتے ہوئے پولیس کا کہنا تھا کہ ان چینی باشندوں کے ساتھ ایک اور غیر ملکی خاتون بھی موجود تھیں تاہم اغوا کار انھیں اپنے ہمراہ لے جانے میں کامیاب نہیں ہوسکے، تاہم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک راہگیر زخمی ہوا تھا۔

مذکورہ غیر ملکیوں کو اُس وقت اغواء کیا گیا تھا جب وہ چینی زبان سکھانے کے لیے تعلیمی ادارے کی طرف بغیر سیکیورٹی پیدل سفر کررہے تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے چینی باشندوں کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس کو مغویوں کی فوری بازیابی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے