پاکستان اور افغانستان کا دوستانہ سیریز پر غور

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کرانے پر غور کر رہے ہیں جن کی تاریخوں کا حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

لاہور میں اے سی بی کے چیئرمین عاطف مشعل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چئیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان 2 دوستانہ ٹی ٹوئنٹی میچز کرائے جائیں گے جن میں سے پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ افغانستان جبکہ دوسرا پاکستان میں ہوگا۔

شہریار خان نے بتایا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ سیریز کرائی جائیں گی جو افغانستان، پاکستان یا شارجہ میں ہوسکتی ہیں جن کی تاریخوں کا ختمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستان آئی سی سی معاملات میں افغانستان کی مدد کرے گا اور افغانستان کو آئی سی سی کا مستقل ممبر بنوانے کی بھی کوشش کرے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کی ریجنل ٹیموں کےدرمیان بھی میچز منعقد کیے جائیں گے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور افغانستان کی اے ٹیموں اور انڈر 16 ٹیموں کے درمیان بھی سیریز کھیلی جائیں گی۔

شہریار خان نے تصدیق کی کہ 8 یا 9 پاکستانی کھلاڑی افغان کرکٹ لیگ میں شرکت کریں گے۔

دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ پاکستان، افغانستان کو کرکٹ کے بنیادی تکنیکی شعبوں میں بھی مدد فراہم کرے گا جن میں امپائر، اسکوررز، اینالسٹ اور کوچز کی تربیت شامل ہے۔

شہریار خان نے واضح کیا کہ پاکستان افغان حکام کو یہ تربیت اپنی مقامی اکیڈمیوں میں فراہم کرے گا جو حال ہی میں پاکستان کے مختلف شہروں کراچی، لاہور اور ملتان میں قائم کی گئی ہیں۔

چئیر مین پی سی بی نے افغانستان کو پاکستان کے کسی بھی اسٹیڈیم کو بطور اپنا ہوم گراؤنڈ استعمال کرنے کی بھی اجازت دی۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پاکستان، افغانستان کرکٹ ٹیم کے لیے اپنا ایک بین الاقوامی اسٹیڈیم مہیا کرے گا جس کا انتخاب افغان کرکٹ بورڈ اپنی سہولت کے مطابق خود کرے گا۔

شہریار خان نے کہا کہ افغانستان کرکٹ کھیلنے والے ایک اہم ملک کی حثیت سے تسلیم کیا جانے والا ہے، جس کے لیے افغانستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے افغان کرکٹ بورڈ کے سربراہ عاطف مشعل نے پی سی بی کے تعاون اور مہمان نوازی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے پاکستان کی مہمان نوازی کو قابل ستائش کہا۔

عاطف مشعل نے کہا کہ کھیلوں کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیئے اسی لیے پاکستان اور افغانستان کے کرکٹ بوڈ یہ کوشش کر رہے ہیں کہ کھیل بالخصوص کرکٹ کو سیاست سے دور رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کو تعلقات بہتر بنانے کے لیے استعمال کرنا چاہیئے اور اسی مقصد کو حاصل کرنے کے لیے دونوں ممالک کی ٹیمیں امن کا پیغام لے کر ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کریں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے