ہندی میڈیم میں پاکستانی اداکارہ کی شاندار کارکردگی

پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی پہلی بالی وڈ فلم ہندی میڈیم ناقدین کے دل جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہے اور رفتہ رفتہ بزنس بھی کررہی ہے۔

گو کہ فلم کا پلاٹ ۲۰۱۴ اور ۱۵ کی ملایالم اور بنگالی زبانوں میں بنی دو فلموں سے اٹھایا گیا ہے اور اگر اس بات کو نظر انداز کردیا جائے تو ہندی میڈیم ایک مکمل فلم ہے جس میں عرفان خان اور صبا قمر کی اداکاری نے چار چاند لگادئے ہیں۔ فلم میں نیہا دھوپیا اور امرتا سنگھ بھی مختصر کرداروں میں موجود ہیں۔

ساکت چوہدری کی ہدایت میں بننے والی ہندی میڈیم کی کہانی ایک ایسے جوڑے راج (عرفان خان) اور میتا (صبا قمر) کے گرد گھومتی ہے جو اپنی بیٹی پیا کا داخلہ دہلی شہر کے ایک بڑے انگریزی میڈیم اسکوم میں کرانے کے لیے سر توڑ کوشش کررہے ہیں۔ ان کے پاس پیسے کی کمی نہیں لیکن تعلیم اور انگریزی زبان اتنی مضبوط نہیں ہے کہ شہرکی اعلی سوسائٹی یا اشرافیہ میں جگہ بنا سکیں۔

فلم میں ایک انتہائی اہم سماجی موضوع کو اٹھایا گیا ہے جواس وقت ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش تیوں ممالک کا مسئلہ ہے۔ یعنی انگریزی میڈیم یا انگریزی زبان اور مقامی یا مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے والوں کو ملنے والی مراعات کا فرق اور ان سے پیدا ہونے والی معاشرتی ناہمواریاں۔ اور اسی فرق کو مٹانے کے لیے میتا اور راج ہر طرح کے طریقے آزمارہے ہیں جس کے لیے ان کو جھوٹ بھی بولنے پڑتے ہیں اور کبھی امیری اورکبھی غریبی کا ناٹک بھی رچانا پڑتا ہے۔

فلم کا سکرین پلے بہت عمدہ ہے اور ایک پل کے لیے بھی ناظرکو بورنہیں ہونے دیتا، ہر منظر دورسرے سے جڑا ہوا ہے اور کہیں بھی کہانی کی گرفت چھوٹتی نظرنہیں آتی۔

اب آجاتے ہیں اداکاری کی طرف۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ فلم میں عرفان خان ہوں اور اداکاری جاندارنہ ہو لیکن صبا قمر بھی کسی سے پیچھے نہہں رہیں اور اداکاری میں عرفان خان کا مکمل ساتھ دیتی نظر آئیں۔ بلکہ اگر کہا جائے کہ یہ سکرین جوڑی ہر لحاظ سے ہم آہنگ لگ رہی تھی تو غلط نہ ہوگا۔ صبا پہلے ہی پاکستانی شوز، ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوا چکی ہیں۔ اور بھارت جاکر بھی وہ کسی خوف یا دباؤ کا شکار نظر نہیں آئیں بلکہ بہت کھل کر اور جم کر اداکاری کی۔

گوکہ ہندی میڈیم کامیڈی کی صنف میں بنائی گئی ہے لیکن موضوع انتہائی سنجیدہ ہے اور دیکھنے والوں کو یہ اس بات کا احساس رہتا ہے کہ فلم میں مزاح کے ساتھ ایک گہرا طنز بھی چھپا ہوا ہے۔

ہندی میڈیم ایک آرٹ اور کمرشل فلم کا مرکب ہے۔ فلم میں سوائے ایک ڈریم سیکوئنس کے کوئی گانا شامل نہیں ہے لیکن اس بات کا قطعی احساس نہیں ہوتا کیونکہ فلم کا موضوع اور کہانی بہت مضبوط ہے اور ہر شخص اس سے کہیں نہ کہیں جڑا ہوا ہے۔

بہرحال ہندی میڈیم بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے ایک اچھا تحفہ ہے اور صبا قمر بلا شبہ بالی وڈ مین ایک منفرد اور اچھا ضافہ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے