ہاشم آملہ نے سلیم ملک اور جدیجہ نے ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے میچ کے دوران ہاشم آملہ نے پاکستانی بلے باز سلیم ملک کے رنز کا ریکارڈ توڑ دیا جبکہ بھارتی کھلاڑی رویندر جدیجہ نے اپنے ہم وطن کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کیا۔

جنوبی افریقی ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بیٹسمین ہاشم آملہ نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سابق پاکستانی بلے باز سلیم ملک کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ہاشم آملہ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 میں بھارت کے خلاف میچ میں 35 رنز بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔

پاکستانی بلے باز سلیم ملک نے 283 ایک روزہ میچوں میں 5 سینچریوں اور 47 نصف سینچریوں کی بدولت 7170 رنز بنائے تھے جبکہ ہاشم آملہ 25 سینچریوں اور 33 نصف سینچریوں کی بدولت محض 156 میچوں میں 7186 رنز بنا کر سلیم ملک سے آگے نکل گئے۔

خیال رہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 463 میچوں میں 44.83 کی اوسط کے ساتھ 49 سینچریوں اور 96 نصف سینچریوں کی مدد سے 18426 رنز بنائے ہیں۔

دوسری جانب اسی میچ کے دوران بھارتی ٹیم کے اسپنر رویندر جدیجہ نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سابق ہم وطن کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی وکٹوں کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

جدیجہ نے انگلینڈ اور ویلز میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2017 میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ایک وکٹ لے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

سچن ٹنڈولکر نے 463 ایک روزہ میچوں میں 154 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ جدیجہ نے 132 مقابلوں میں 154 وکٹیں حاصل کر لیں۔

اس طرح جدیجہ ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے مشترکہ طور پر 11 ویں بھارتی باؤلر بن گئے۔

انیل کمبلے کو بھارت کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے جن کی وکٹوں کی تعداد 337 ہے۔

یاد رہے کہ ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز سری لنکا کے جادوگر اسپینر مرلی دھرن کے پاس ہے جنہوں نے 350 ایک روزہ میچوں میں 534 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر 502 وکٹوں کے ساتھ پاکستانی فاسٹ باؤلر وسیم اکرم اور 416 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے تیز رفتار باؤلر وقار یونس تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے