ڈاکٹر سعید الٰہی اورہلالِ احمر پاکستان: حیرت خیز گوشے

کوئی تین ماہ پہلے پاکستانی میڈیا میں یہ خبر شائع اور نشر ہُوئی کہ’’ سی پیک‘‘ کے تحت چین، پاکستان کو گوادر اور گلگت کے لئے دو جدید ترین ہسپتال فراہم کر رہا ہے۔دونوں عطیات ہوں گے۔ کسی ملک کی طرف سے کسی ملک کو ہسپتال بنانے کے لئے مالی امدادفراہم کرنے کی بات تو سُنی تھی لیکن یہ ’’ہسپتال فراہم ‘‘ کرنے کی بات ذرا منفرد بھی تھی اور سُننے والوں کو انوکھی بھی لگی۔ واقعہ یہ ہے کہ چین خود بھی انوکھا ملک ہے اور اِس کی ہر بات بھی نرالی اور منفرد ہے۔ ’’سی پیک‘‘ کے تحت پاکستان کو 46ارب ڈالر کی امداد فراہم کرنے اور اِس بے مثال منصوبے کے ذریعے پاکستان میں توانائی کے بحرانوں کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کے اقدامات نے ساری دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ شائد اِسی وجہ سے بھارت اور امریکہ کے پیٹ میں بَل پڑ رہے ہیں۔

فی الحقیقت ’’سی پیک‘‘ کے منصوبے کو بروئے کار لانے اور اِسے پاکستان کے کئی علاقوں میں عملی شکل دینے کا سارا کریڈٹ وزیر اعظم جناب نواز شریف کو جاتا ہے۔ پاکستان میں جاری کئی سیاسی بحرانوں کے باوصف نواز شریف پاکستان کی ترقی اور ڈویلپمنٹ کے کسی منصوبے سے دستکش نہیں ہُوئے ہیں۔ اُنہیں اِس ضمن میں بجا طور پر شاباش دی جا سکتی ہے۔ ہلالِ احمر پاکستان کو ، میڈیکل کے شعبے میں، چین کی طرف سے جو شاندار اور بے مثال امداد فراہم کی جارہی ہے، وہ بھی دراصل ’’سی پیک‘‘ ہی کی برکتوں کا شاخسانہ ہے۔ اس سے بلوچستان، گوادر اور گلگت بلتستان کے بے شمار لوگوں کی بہبود اور طبّی فلاح کے دروازے کُھلنے والے ہیں۔ہلالِ احمر پاکستان کے چےئرمین جناب ڈاکٹر سعید الٰہی نے اپنے وزیر اعظم کی ایما پر ہی چین کی ریڈ کراس سوسائٹی (RCSC) سے سلسلہ جنبانی جاری رکھا اور اس میں اُنہیں خاطر خواہ کامیابیاں بھی ملی ہیں۔

چین کی طرف سے پاکستان کو دو جدید ترین ہسپتال فراہم کرنے کا اعلان بھی اِسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جو پاک،چین دوستی کی بھی ایک نئی مثال ہے۔چین کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ دو’’ بنے بنائے‘‘(Pre Fabricated) ہسپتال بطور عطیہ پاکستان کے دئیے جا رہے ہیں۔ اِن میں سے ایک گوادر اور دوسرا گلگت میں نصب کیا جائے گا۔ گوادر کا ہسپتال دس بَیڈ اور گلگت کا ہسپتال 50بَیڈز پر مشتمل ہو گا۔دونوں علاقے ہی پسماندہ ہیں اور دونوں ہی کو جدید ترین ہسپتالوں کی فوری ضرورت بھی ہے۔جب یہ خوش کُن اعلان میڈیا کی زینت بنا تو ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا تھا کہ دونوں بنے بنائے ہسپتالوں کا سارا سامان بذریعہ بحری جہاز چین سے گوادر کی بندرگاہ پر اُتارا جائے گا اور یہ کہ دونوں ہسپتالوں کا افتتاح مئی2017ء کے پہلے ہفتے کر دیا جائے گااور ان ہسپتالوں کا افتتاح چین کی ریڈ کراس سوسائٹی کے محترم صدر کریں گے۔

مئی کا مہینہ گزر گیا اور جون کا مہینہ آگیا مگر ان دونوں ہسپتالوں اور ان کے افتتاح کی کوئی خبر سامنے نہ آسکی۔ میری نظروں سے تو کم از کم نہیں گزری تھی؛چنانچہ مَیں نے چےئرمین ہلالِ احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الٰہی سے گذشتہ روز رابطہ کیا اور اِسی سلسلے میں اُن سے چند سوالات بھی پوچھے۔ڈاکٹر سعید الٰہی صاحب کہنے لگے:’’چین کے وعدے فولاد کی طرح مضبوط اور پکّے ہوتے ہیں۔ چینی قیادت اور اُن کے تمام فیصلہ ساز گہرے غور و فکر کے بعد ہی کسی سے کوئی وعدہ کرتے ہیں۔ ‘‘ پھر وہ سنجیدگی سے بولے:’’گوادر کا (بنا بنایا) ہسپتال چین سے آ چکا ہے اور اُس کی تنصیب بھی مکمل ہو چکی ہے۔ جدید ترین میڈیکل مشینری بھی لگائی جا چکی ہے لیکن ابھی یہ آپریشنل نہیں ہُوا ہے۔ اِس کے چالُو ہونے سے گوادر اور اِس کے آس پاس کے دو سو کلو میٹر کے رداس میں بسنے والے پاکستانیوں کو شاندار اور فوری طبّی سہولیات فراہم کرنے کا دیرینہ خواب اپنی تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ چین کی طرف سے اہلِ بلوچستان کو یہ بہت مفید اور بہت بڑا تحفہ ہے۔ اِس کا کریڈٹ جناب نواز شریف اور جناب شہباز شریف کو براہ راست جاتا ہے کہ اُنہی کے ویژن کے مطابق سی پیک کا ڈول ڈالا گیا۔ ہم نے تو اپنے قائدین کی دی گئی لائن آف ایکشن کے تحت ہی چینی ریڈ کراس قیادت سے معاملات کو آگے بڑھایا اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس میدان میں کامیابیاں عطا فرمائیں۔‘‘

سعید الٰہی صاحب نے اِسی ضمن میں مزید معلومات فراہم کرتے ہُوئے بتایا:’’گلگت بلتستان میں بھی یہ بنا بنایا ہسپتال جَلد تنصیب کے مراحل طے کرنے والا ہے۔ہماری کوشش یہ ہے کہ گلگت میں پہلے سے موجود کسی ہسپتال میں جگہ مل جائے تو مزید آسانیاں ہو جائیں گی۔ گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ صاحب نے ہم سے اس سلسلے میں وعدہ تو کیا ہے۔ (چین سے گلگت کے لئے آنے والا)یہ ہسپتال گوادر سے پانچ گنا بڑا ہوگا اور یوں GBکے عوام کو اپنے مریضوں کو جدید طبّی سہولتیں حاصل کرنے کے لئے بلندیوں سے نشیب کی طرف کبھی نہیں اُترنا پڑے گا۔اور یہ بات تو بہر حال طے ہے کہ اِن دونوں ہسپتالوں کا افتتاح ’’چائنہ ریڈ کراس فاؤنڈیشن‘‘ کے صدر جناب Zhe Chenکے دستِ مبارک سے ہوگا۔‘‘جناب Zhe Chenخود بھی میڈیکل ڈاکٹر ہیں اور اُن کی بیگم بھی۔

ہلالِ احمر پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر سعید الٰہی اپنے ادارے کو مزید بہتر بنانے ، اِسے وسعت دینے اور ’’سی پیک‘‘ کے تحت ’’چائنہ ریڈ کراس فاؤنڈیشن‘‘ کا زیادہ سے زیادہ تعاون حاصل کرنے کے لئے گزشتہ تین برسوں میں سات آٹھ بار چین کے مختلف شہروں کا دَورہ کر چکے ہیں۔ مثلاً: بیجنگ، کاشغر، اُرمچی،ہنان، ینان، کرامائے وغیرہ۔ ڈاکٹر سعید الٰہی نے گفتگو کے دوران بتایا:’’ سی پیک کے تحت گوادر اور گلگت کو چین کی طرف سے جو دو ہسپتال فراہم کئے جا رہے ہیں، اِس کا تمام اہم میڈیکل عملہ، تجربہ کار ڈاکٹرز، جدید میڈیکل مشینری چین کا ذمہ ہوگی۔ چینی ڈاکٹرز حضرات دو سال کے لئے ان دونوں ہسپتالوں میں خدمات انجام دیتے رہیں گے ۔اس عرصے میں وہ پاکستانیوں کو ہر قسم کی متعلقہ تربیت بھی فراہم کریں گے تاکہ اُن کی رخصت کے بعد کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔ اس پراجیکٹ میں ٹریننگ دینا اور تکنیکی استطاعت کی فراہمی ہی چینیوں کا اصل ذمہ ہے۔‘‘

ڈاکٹر سعید الٰہی صاحب بتا رہے تھے کہ چین کی طرف سے، سی پیک کے تحت ،پاکستان کو یہ میڈیکل سہولتیں فراہم کرنا ہم پر ایک بڑے احسان سے کم نہیں ہے۔ چائنہ ریڈ کراس فاؤنڈیشن ، گوادر کے لئے، ایک نہائیت جدید ایمبولینس بھی عطیہ کر رہی ہے۔ چین کی ایمبولینس سروس(جو 999کے نام سے دنیا بھر میں معروف ہے)دنیا کی سب سے بڑی Chainہے۔ڈاکٹر سعید الٰہی نے دورانِ گفتگو بتایا:’’ چین ریڈ کراس سوسائٹی(RCSC) بوجوہ چین سے باہر کسی ملک کو اتنی بھاری ’’مقدار‘‘ میں اعانت فراہم نہیں کر سکتی تھی؛ چنانچہ محض پاکستان کی محبت میں چین نے قوانین میں تبدیلی کرکے ’’ چائنہ ریڈ کراس فاؤنڈیشن‘‘ کی بنیاد رکھی ۔ اب اِسی ادارے کے تحت گلگت بلتستان اور گوادر میں ہسپتال بھی فراہم کئے جا رہے ہیں ، طبّی آلات بھی اورمیڈیکل عملہ بھی۔جوں جوں سی پیک کے تحت پاکستان میں چینی خدمات کا دائرہ زیادہ بروئے کار آتا جائے گا، چینی ایمبولینس سروس کی پاکستان میں خدمات اور تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جائے گا۔اس سروس میں چین کی طرف سے ائر ایمبولینس کا وعدہ بھی شامل ہے۔ یہ ائر ایمبولینس زیادہ تر گلگت اور بلتستان کے دُور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں استعمال کی جائے گی۔ ‘‘ڈاکٹر صاحب کی گفتگو ،سی پیک کے پس منظر میں، پاک چین دوستی کے بالکل ہی نئے دَر وا کر رہی تھی۔

ہلالِ احمر پاکستان سے صرف چین ہی تعاون اور اعانت کا کردار ادا نہیں کر رہا۔ دوسرے کئی مغربی ممالک بھی پاکستان کے اِس سب سے بڑے انسانی فلاحی ادارے کی طرف دستِ تعاون بڑھا رہے ہیں کہ یہ ادارہ پچھلے سات عشروں سے اُن کے اعتماد اور اعتبار پر پورا اُترتا چلا آرہا ہے۔ ہلالِ احمر پاکستان کی امداد کرنے والے مغربی ممالک میں ڈنمارک، ناروے،جرمنی، کینیڈا سرِ فہرست ہیں۔ ترکی کا کردار بھی نمایاں ہے۔ ڈاکٹر سعید الٰہی صاحب نے بتایا کہ اب امریکی ریڈ کراس والے بھی ہم سے تعاون کرنے کی حامی بھر چکے ہیں۔ یہ حمائیت پاکستان اور ہلالِ احمر پاکستان کے لئے بہت معاون ثابت ہوگی۔ ان شاء اللہ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے