ملک وقوم پر منڈلانے والے ہر خطرے کو ختم کردینگے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور عوام کی سیکورٹی پر منڈلانے والے ہر خطرے کو ختم کریں گے، پاکستان کی عوام ہی بہادر سیکورٹی فورسز کی اصل طاقت ہے، پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنی بساط سے بڑھ کر لڑی،اب دیگر فریقین سمیت افغانستان دہشت گردی کے خلاف مزید اقدامات کرے۔

آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو راوالپنڈی میں اہم سیکورٹی اجلاس میں ملک کی موجودہ سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

سیکورٹی اداروں نے آرمی چیف کو حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ ملک میں حالیہ واقعات کے تانے بانے افغانستان میں این ڈی ایس اور را کی سرپرستی میں کام کرنے والی دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سےملے۔

[pullquote]آرمی چیف نےکہا کہ خطے میں امن کے قیام اور استحکام کے لیے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا لیکن اب وقت آگیا ہے کہ دیگر اسٹیک ہولڈرز بالخصوص افغانستان بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرے۔[/pullquote]

آرمی چیف نے کہا کہ نائن الیون کے بعد سے پاکستان دہشت گردی کا شکار رہا اور بہت قربانیاں دی ہیں، بدقسمتی سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ جاری ہے اور پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

آرمی چیف نے سیکورٹی فورسز کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا اور آپریشن رد الفساد میں سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی کارکردگی کی تعریف کی ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے