بہاولپور: آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 123 افراد جان بحق اور سو سے زائد ذخمی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں تیل سے بھرے ٹینکر میں الٹنے کے بعد آگ لگنے کے نتیجے میں 120 سے زیادہ افراد جان بحق اور 80 سے زیادہ جھلس گئے ہیں۔
ڈی سی او بہاولپور سلیم افضل کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی صبح احمد پور شرقیہ کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا-ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے لاہور جانے والا یہ ٹینکر احمد پور شرقیہ سے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر تیزرفتاری کے باعث پھسل کر سڑک سے نیچے کھیتوں میں جا گرا اور اس سے تیل رسنا شروع ہو گیا۔

ڈی سی او کے مطابق حادثے کے بعد قریبی دیہات سے سینکڑوں افراد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے موقع پر جمع ہو گئے اور تیل جمع کرنے لگے۔
سلیم افضل نے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کو بتایا کہ یہ افراد ٹینکر کے گرد جمع تھے کہ اچانک اس میں آگ بھڑک اٹھی جس نے ان سب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ان کا کہنا ہے کہ اب تک 123 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ ہلاک شدگان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے سے وہاں کھڑی 75 موٹر سائیکلیں، تین کاریں اور ایک رکشہ بھی آگ کی لپیٹ میں آئے اور مکمل طور پر جل گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

اے پی پی نے مقامی پولیس کے حوالے سے کہا ہے کہ ٹینکر الٹنے کے بعد جب موٹر وے پولیس کے اہلکار وہاں پہنچے تو ایک بڑا ہجوم تیل اکٹھا کرنے جمع ہو چکا تھا اور پولیس اہلکاروں کے منع کرنے کے باوجود وہ جائے حادثہ سے دور نہیں گئے۔
پولیس حکام کے مطابق آگ بھڑکنے کے نتیجے میں 50 سے زیادہ افراد تو موقع پر ہی جل کر ہلاک ہوئے جبکہ بقیہ نے ہسپتال لے جاتے ہوئے یا پھر ہسپتال میں دم توڑا۔

احمد پور شرقیہ کے تحصیل ہسپتال کے ایم ایس کے مطابق زخمیوں کو احمد پور شرقیہ میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد بہاولپور اور ملتان کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتالوں اور بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

طبی حکام کے مطابق اس حادثے میں جھلسنے والے افراد میں سے بیشتر کے جسم کا 80 فیصد سے زیادہ حصہ جلا ہے۔
جائے حادثہ سے موصول ہونے والی تصاویر میں ٹینکر کے اردگرد درجنوں سوختہ لاشوں کو دیکھا جا سکتا ہے اور طبی حکام کا کہنا ہے کہ ایسی لاشوں کی
شناخت صرف ڈی این اے سے ہی ممکن ہو سکے گی۔

پنجاب کے وزیراِعلیٰ نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید زخمیوں کو برن سنٹرز منتقل کرنے کے لیے پاکستانی فوج نے چار ہیلی کاپٹر روانہ کر دیے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بہاولپور میں آگ سے جھلس جانے والوں کے لئے کوئی طبی سہولت میسر نہیں ہے. اسلئے زخمیوں کو کراچی یا لاہور منتقل کئے جانے کا بھی امکان ہے .
(بشکریہ بی بی سی)

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے