سانحہ احمد پورشرقیہ: شیل کا ادا کردہ 1 کروڑ روپے جرمانہ مسترد

اسلام آباد: احمد پور شرقیہ کے قریب 215 سے زائد لوگوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے آئل ٹینکر سانحے کے بعد شیل پاکستان لمیٹڈ (ایس پی ایل) نے آئل گیس اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے عائد کیا گیا ایک کروڑ روپے کا جرمانہ ادا کردیا۔

تاہم اوگرا نے شیل کے ادا کیے گئے معاوضے کو فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ یہ اتھارٹی کے حکم کی جزوی تعمیل ہے اور مکمل حکم کے تحت آئل کمپنی کو حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو فی کس 10 لاکھ روپے جبکہ زخمی افراد کو فی کس 5 لاکھ روپے ادا کرنا ہیں۔

اوگرا کے ترجمان عمران غزنوی کا کہنا تھا کہ ‘ہماری ہدایت پر جزوی عمل کیا گیا اور ہم اسے مسترد کرتے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ جرمانے کی ادائیگی کو اُس وقت تک مکمل تصور نہیں کیا جائے گا جب تک آئل کمپنی مقررہ ڈیڈلائن یعنی بدھ (12 جولائی) تک حادثے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی نہیں کردیتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘اگر کمپنی حکم پر عملدرآمد میں ناکام ہوجاتی ہے تو اوگرا قوانین و ضوابط کے مطابق کارروائی کرے گا’۔

اس حوالے سے ایک اور عہدیدار نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ قانون کے تحت احکامات کی عدم تعمیل کی صورت میں اوگرا کمپنی کا مارکیٹنگ لائسنس منسوخ کرنے یا روزانہ کا 10 لاکھ روپے اضافی جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

اس سے قبل شیل پاکستان کا کہنا تھا کہ اوگرا کا عائد کردہ جرمانہ ادا کیا جائے گا، ‘تاہم ہم جرمانے کو چیلنج کرنے کا حق رکھتے ہوئے جرمانہ ادا کریں گے، جبکہ مزید تفصیلات سامنے آنے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کمپنی کارروائی کے مناسب طریقے کا فیصلہ کرے گی’۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ گو وہ اس واقعے کی ‘ذمہ داری قبول نہیں کرتے’ تاہم یہ ایک ایسا سانحہ تھا جس نے رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام میں لوگوں کو بےحد متاثر کیا’۔

کمپنی کے مطابق ‘ہماری پہلے سے جاری اور موجودہ انسان دوستی کی کوششوں کو بڑھاتے ہوئے زخمیوں کو امداد کی فراہمی یقینی بنانے اور متاثرہ خاندانوں کو کھانے پینے سمیت ریلیف فراہم کرنے کے لیے شیل، اوگرا کی جانب سے درخواست کردہ معاوضہ ادا کرے گا’۔

کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ وہ متاثرین تک مالی مدد کو مناسب انداز میں پہنچانے کے لیے اوگرا سے رابطے میں ہے جبکہ دیگر امدادی ایجنسیوں اور متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ کام کرکے فوری ریلیف پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

شیل کی جانب سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ ہم ریگولیٹری اداروں، ایمرجنسی سروسز اور آئل گیس انڈسٹری کے ساتھ مل کر حفاظتی معیار کو بہتر بنانے کی امید کرتے ہیں’۔

یاد رہے کہ بہاول پور آئل ٹینکر سانحے کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد آئل اینڈ گیس ریگولیٹری تھارٹی (اوگرا) نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے آئل کمپنی شیل پٹرولیم لمیٹڈ کو واقعے کا قصوروار ٹھہرایا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے