اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا مثبت اختتام

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا اختتام مثبت زون میں ہوا اور ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ 554 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 44 ہزار 337 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری سیشن کے آغاز میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا لیکن دوسرے ہاف میں مارکیٹ میں مثبت قیاس آرائیوں کے باعث انڈیکس میں بہتری دیکھنے میں آئی۔

سب سے زیادہ سرگرمی کمرشل بینکس کے شعبے میں دیکھنے میں آئی جس میں تقریباً 2 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا، جس کے بعد سیمنٹ سیکٹر میں ایک کروڑ 60 لاکھ اور پاور سیکٹر میں ایک کروڑ 16 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

سینئر تجزیہ کار احسن محنتی کا کہنا تھا کہ ’عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ، غیر ملکی ترسیلات زر کی تجدید اور وزیر اعظم کی جانب سے استعفے سے انکار اور جے آئی ٹی رپورٹ کو چینلج کرنے کے فیصلے نے مارکیٹ کے مثبت رہنے میں اہم کردار ادا کیا۔‘

کاروباری ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس میں 5 کروڑ 81 لاکھ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت 4 ارب 85 کروڑ روپے رہی۔

مجموعی طور پر 334 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 231 کی قدر میں اضافہ، 86 کی قدر میں کمی اور باقی میں استحکام رہا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے