مبارکاں پرانا فارمولا نئی فلم

سونی پکچرز نیٹ ورک کی پروڈکشن میں بنائی گئی نئی بالی وڈ فلم ’مبارکاں‘ رومینٹک کامیڈی فلم دیکھنےوالوں کی توقعات پر پورا اترتی ہے۔
فلم کے ہدایت کار انیس بزمی ہیں اور کہانی راجیش چاؤلہ نے لکھی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں انیل کپور، ارجن کپور، الینا ڈی کروز، اور آتھیا سیٹھی
مرکزی کرادروں میں شامل ہیں۔ اس کے علاو نیہا شرما اور رتنا پاٹھک بھی اہم کرداروں میں موجود ہیں۔

مبارکاں ایک فارمولا بالی وڈ فلم ہے، جس میں دو جڑواں بھائی کرن اور چرن (ارجن کپور) کے آپس میں انتہائی مشابہت رکھنے کی وجہ سے کئی غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں۔ کہانی کچھ اس طرح شروع ہوتی ہے کہ چرن پنجاب میں نفیسہ (نیہا شرما) اور کرن لندن میں سوئیٹی (الینا ڈی کروز) سے محبت کرتے ہیں اور ان سے شادی کرنا چاہتے ہیں لیکن گھر والوں کو بتانے کی ہمت نہیں کر پاتے اور موقع کی تلاش میں رہتے ہیں کہ کب مناسب وقت آئے اور دونوں اپنی پسند کااظہار اپنے گھر والوں سے کریں۔ اور اسی موقع کی تلاش اور دونوں بھائیوں کی مشابہت کی وجہ سے پیدا ہونےوالی غلط فہمیوں کو ایسی مزاحیہ سیچوئیشنزمیں تبدیل کردیا گیاہے جن پر فلم بینوں کے پاس ہنسنے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں ہوتا۔سونے پر سہاگہ دونوں کے چچا کرتار سنکھ باجوہ (انیل کپور) ہیں جو اچھا کرنے کی کوشش میں بھی ہمیشہ گڑ بڑ کر جاتے ہیں۔

گو کہ فلم مزاحیہ سیچوئیشنز اور مکالموں سے بھرپور ہے، لیکن اس میں کہیں بھی کوئی گھٹیا جملہ یا کوئی غیر اخلاقی حرکت موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے اسے ایک اچھی فیملی فلم بھی کہا جاسکتاہے۔ فلم پنجاب اور لندن کے پس منظر میں بنائ گئی ہے اور بالی وڈ کی پچھلی کئی فلموں کی طرح اس فلم میں بھی سردار کا مذاق بنایا گیاہے لیکن دیگر فلموں کی طرح اس فلم میں سکھ اور پنجاب کلچر کو غالب نہیں دکھایا گیا۔البتہ فلم میں کہیں کہیں مذہبی تعصب کا تاثر ضرور ملتا ہے جب چرن کو ایک مسلمان لڑکی نفیسہ (نیہا شرما) سے شادی کا خواہش مند دکھایا جاتا ہے تو گھر والے اس کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ ایسا دکھانا فلم میں ضروری نہیں تھا مگر صرف مزاح ڈالنے کے لیے اس طرح کے موضوعات شامل کرنا سمجھ میں نہیں آیا۔

گو کہ فلم میں سوائے انیل کپور کے کوئی بڑی اسٹار کاسٹ نہیں ہے لیکن تمام اداکاروں نے اپنے کردار کے حساب سے مناسب کام کیا ہے۔ انیل کپور ہمیشہ کی طرح بھرپور اداکاری کرہے ہیں اور سب پر بھاری نظر آرہے ہیں، ارجن کپور ڈبل رول میں سوائے پگڑی کے کوئی خاص فرق نہیں دے پائے۔ الینا ڈی کروز نے لندن میں رہنےوالی ایک ہندوستانی لڑکی کا کردار بہ خوبی نبھایاہے جبکہ آتھیا شیٹھی جن کی یہ دوسری فلم ہے، پوری فلم میں اپنے قد کاٹھ اور مخصوص مضبوط نقوش کی وجہ سے نمایاں نظر آئیں۔

فلم میں کل چھہ گانے شامل ہیں جن کی دھنیں امل ملک اور گروو روشن نے ترتیب دی ہیں جبکہ گیت کمار نے لکھے ہیں۔ فلم کا ایک گانا ’ہوا ہوا‘ جسے میکا سنگھ اور پراک رتی کی آوازوں میں ریکارڈ کیا گیاہے پاکستانی گلوگار حسن جہانگیر کے ۱۹۸۸ میں آنے والے نغمے ’ہوا ہوا‘ ہی کی کاپی ہے۔ فلم کا ٹائٹل ٹریک ’مبارکاں‘ کی دھن بھی بالی وڈ کی ۱۹۸۰ میں ریلیز ہونے والی فلم شان کے یادگار گیت ’یماں یماں‘ سےمتاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔

پروڈیوسرز کے مطابق مبارکاں ۵۰ کروڑ ہندوستانی روپے میں بنائی گئی تھی جبکہ دس دنوں کے اندر فلم نے تقریبا ۷۲ کروڑ کا بزنس کرلیا ہے۔ فلم کی نمائش تاحال جاری ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ فلم اپنا بجٹ پورا کرپاتی ہے یا نہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے