ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

قوم آج 70واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منا رہی ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی یکجہتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور کشمیریوں کی دیرینہ جدوجہد میں کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
پرچم کشائی کی مرکزی تقریب پارلیمنٹ ہائوس کی بجائے کنونشن سینٹر میں ہوگی، وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق تقریب کا مقام بارش کی وجہ سے تبدیل کیا گیا ہے۔
صدر مملکت ممنون حسین وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ پرچم کشائی کی رسم ادا کی گئی بعد میں صدر قوم نے خطاب کیا، چیئرمین سینٹ، اسپیکر قومی اسمبلی،وفاقی وزرا، مسلح افواج کے سربراہ، اراکین پارلیمان، سفارتی نمائندے اورسینئر حکام تقریب میں شریک ہوئے۔

چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ یوم آزادی کی قومی تقریبات میں شرکت کے لئے خاص طورپر اسلام آباد پہنچے ہیں، اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کے بچوں ملی نغمے پیش کیا۔
یوم آزادی کے موقع پر شاہراہ دستور پر واقع ایوان صدر، پارلیمنٹ ہائوس، سپریم کورٹ، وزیراعظم آفس ،پاک سیکرٹریٹ اور دیگر عمارتوں کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ڈی چوک کو بھی کھول دیاگیا ہے‎۔
قبل ازیں پرچم کشائی کی تقریب 17 سال بعد پارلیمنٹ ہائوس کے احاطے میں منعقد کرنے کی چیئرمین سینٹ کی تجویز سےوزیراعظم نے اتفاق کیا تھااس سلسلےمیں انتظامات بھی کرلئے گئے تھے لیکن خراب موسم کی وجہ سے یہ تقریب حسب سابق کنونشن سینٹر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

چیلنجز پر قابو پاکر اعلیٰ مقام حاصل ہو سکتا ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ پاک چین تعلق خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے، چیلنجز پر قابو پاکر ہی اعلیٰ مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان کے 70ویں جشن آزادی کے موقع پر کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، صدر ممنون حسین نے سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چین کےنائب وزیراعظم وانگ یانگ،تینوںمسلح افواج کےسربراہان، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراءو دیگر شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے مزید کہا کہ قانون کا احترام اور اصول پسندی سے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے،نوجوان دانش مندی کا مظاہرہ کرکے قومی مقاصد کی تکمیل کا ذریعہ بنیں۔
صدر ممنون کا کہنا ہے کہ ہماری خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے چین کا وفد تقریبات میں شرکت کر رہا ہے ،دعا ہےسبز ہلالی پرچم ہمیشہ سربلند ہے ۔
انہوں نے چین کے نائب وزیراعظم کا اس پروقار تقریب میں شرکت پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین اہم عالمی امور پر یکساں نظر رکھتے ہیں۔
صدر ممنون حسین کا مزید کہنا تھا کہ بعض بچے مستقبل کے بارے میں پریشانی کا اظہار کرتے ہیں،نوجوان قومی مقاصد کی تکمیل کا ذریعہ بنیں ،بچے دانشمندی کا مظاہرہ کر کے قومی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بن جائیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کا مزاج بنیادی طور پر جمہوری اور پارلیمانی ہے،نوجوانوں کی بے چینی پر توجہ دینا وقت کی ضرورت ہے،وطن کو درپیش چیلنجز پر غیر جذباتی انداز میں توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔
صدر مملکت نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے لیے اختلافات بھلا کرایک دوسرے کے دست وبازو بن جائیں،قوم توقع رکھتی ہے قائدین گروہی مقاصد سے اوپر اٹھ کرملک کے مستقبل کی نگہبانی کریں ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشیدگی کے ماحول میں جوش پر ہوش غالب نہ آیا تو اقتصادی احیاکا خواب پورا نہ ہو سکےگا،تمام ذمےداران رنجشوں پر قابو پاکرقومی مفاد میں آئین پاکستان پر متحد ہوجائیں ۔

پاک چین دوستی فولاد سے مضبوط ہے، چینی نائب وزیراعظم
چینی نائب وزیراعظم وانگ یانگ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے،چین اور پاکستان ساتھ ساتھ کھڑے ہیں۔
نائب وزیراعظم چین وانگ یانگ نےکنونشن سینٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب میں چینی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ پاکستان کا اچھا ہمسایہ اور اچھا بھائی رہے گا،پاکستان اور چین کی حسن عمل کی دوستی نسل در نسل چلتی رہے گی، پاکستان امن،ترقی،استحکام کےراستےپرہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے 70سال کےدوران جدوجہد کرکے ملک کاتحفظ یقینی بنایا ،آج پورے پاکستان کے لیے جشن کا دن ہے، پاکستان کی یوم آزادی کی تقریب میں شرکت پربہت خوشی ہے۔
چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ نے کہا کہ مشکلات پر قابو پانےوالے پاکستانی ترقی پر گامزن ہیں،پاکستان نے محنت کر کے خودمختاری اور دفاع کو مضبوط بنایا،چین اور پاکستان ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔
وانگ یانگ کا کہنا تھا کہ دوستی صرف اور صرف حسن عمل سے عمر بھر چلتی ہے،چین پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو اہمیت دیتا ہے، چین پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے، محنتی پاکستانی عوام نے کم وسائل کے باوجود ملک کی ترقی کے لیے محنت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین میں زلزلہ زدگان کی مدداور اقوام متحدہ میں پاکستان کا تعاون نہیں بھول سکتے، پاکستان نے مختلف عالمی فورمز پر اہم کردار اداکیا ہے، اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے اورمشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاک چین تعلقات آزمائشوں پرپورے اترے ہیں۔

تقریب کے موقع پر پاک فضائیہ کے ساتھ ساتھ برادر اسلامی ملک سعودی عرب اور ترک فضائیہ کے جدید جنگی طیارے بھی وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے ایئرشو میں حصہ لیا۔
تینوں فضائیہ کے طیارے فضا میں بل کھاتے اور مختلف فارمیشنز بنا کر رنگوں کی صورت کرتب دکھا کر شہریوں کو محفوظ کیا،ائر شو آج دوپہر ایک بجے ایف نائن پارک میں ہوگا۔
اسسٹنٹ چیف آف ایئر سٹاف(آپریشن) ایئر کموڈور احسن رفیق نے اس بڑے ایئر شو کی خصوصیات پر روشنی ڈالی اور ترکی اور سعودی عرب کی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا ،انہوں نے کہا کہ ہمارے یوم آزادی کے موقع پر ان ٹیموں کا پاکستان اورپاکستانی عوام سے محبت اور گہرے رشتوں کا مظہر ہے۔

پرچم کشائی کی تقاریب کے ساتھ ساتھ ریلیاں،سیمینار جلسے جلوس نکالے گئے۔ 14اگست کو صبح8بجکر 58منٹ پر سائرن بجائے گئےجس کےبعد ایک منٹ کیلئے خاموشی اختیار کرنے کے بعد ٹھیک 9 بجے پرحم کشائی کی تقاریب ہوئی۔
راولپنڈی میں پرچم کشائی کی سرکاری تقریب آج کمشنر ہائوس، ڈپٹی کمشنر ہائوس، لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ،میونسپل کارپوریشن راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر ہوئی۔14اگست یوم پاکستان منانے کی تقریبات آج اپنے عروج پر ہیں۔
بازاروں میں سبز ہلالی پرچم کی بھرمار نظر آرہی ہے۔اور جگہ جگہ سبز ہلالی پرچم ،بیج،جھنڈیوںاور دیگر مختلف اشیا کی فروحت کے اسٹال لگے ہوئے ہیں۔جبکہ سرکاری ونجی عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈی سی او آفسز پر لائٹس لگا دی گئیں ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر راولپنڈی کی سٹرکوں پر بینرز آویزاں ہیں جن پر قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال ، فاطمہ جناح، سرسید احمد خان، چوہدری رحمت علی اور دیگر قائدین کی تصاویرپرنٹ ہیں۔ جبکہ 4اگست سے قائداعظم محمد علی جناح کی تصاویر اور ان کے ارشادات پر مبنی بل بورڈ بھی شہر کی اہم شاہراہوں پر نصب کئے گئے ہیں۔جبکہ عوام میں بھی جوش و خروش دیدنی تھا۔
گاڑیوں،موٹر سائیکلوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کے علاوہ گھروں کی چھتوںپر پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں۔جشن آذادی کے سلسلے میں دفعہ 144کے نفاذ کے باوجود اتوار کی رات نہ صرف شہر میں جلسے ہوئے بلکہ منچلے موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں میں شاہرائوں پر کرتب دکھاتے نظر آئے۔جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر آتش بازی بھی کی گئی۔
راولپنڈی ڈویژن میں یوم آذادی پاکستان کے سلسلے میں سرکاری سطح پر 207مختلف تقریبات ہورہی ہیں۔جس میں 14اگست کو تحصیل سطح سے کر ڈویژن تک پرچم کشائی کی 23تقریبات بھی شامل ہیں۔ راولپنڈی ڈویژن میں ہونے والی تقریبات میں پرچم کشائی کے علاوہ27سیمینارز اور دیگر پروگرام،63نعت خوانی،تقریری،اور ملی نغموں کے پروگرامات،8ریلیاں اور واک ،6مشاعرےا ور76سپورٹس کے مختلف ایونٹس ہورہے ہیں۔راولپنڈی ضلع میں 50،ضلع اٹک میں71،ضلع جہلم میں63اور ضلع چکوال میں25پروگرام ہورہے ہیں۔

پاکستان کے جشن آزادی میں گوگل بھی ساتھ ساتھ

گوگل دنیا بھر میں مختلف ثقافتی اور سماجی ایونٹس کے موقع پر دلچسپ ڈوڈلز تیار کرتا رہتا ہے، اتوار (13 اگست) اور پیر (14 اگست) کی درمیانی شب پاکستان کی آزادی کے 70 سال مکمل ہونے پر بھی ایک نیا ڈوڈل سامنے آیا ہے۔

عام طور پر ایک ڈوڈل کسی ملک کی ثقافت اور روایات کا عکاس ہوتا ہے اور اس بار گوگل نے پاکستان کے یوم آزادی پر سبز ہلالی پرچم کو اپنے ڈوڈل کا حصہ بنایا ہے۔

کراچی: مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوگئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے بانی ٔ پاکستان کے مزار کے گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
تقریب کےمہمان خصوصی کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈورعدنان احمد تھے، کموڈورعدنان احمد نے مزار قائد پر پھول رکھے۔
اس سے پہلے مزار قائد پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
قبل ازیں لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں پاک فوج کے دستے نے حکیم الامت کے مزار پر گارڈ کے فرائض سنبھال لیے۔

گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری
کراچی میں مزار قائد پر 70ویں جشن آزادی کی تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شریک ہوئے۔
سندھ کابینہ کے ارکان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے قومی ترانے کی دھن پرپرچم کشائی کی۔
گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی نے سب سے پہلے پاکستان کے لیےقرارداد منظور کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر سب شہدا کو یاد رکھنا چاہیے،آئین پر آگے چل کر ترامیم ہوسکتی ہیں ،گورنر سندھ آئینی کردار ادا کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ ترقیاتی پیکیج میں بنیادی چیزوں کو پہلے مکمل کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک اب ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، خوب ترقی کرےگا،کراچی میں ترقی کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ملک اب ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، خوب ترقی کرےگا،کراچی میں ترقی کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، انفرااسٹرکچر کی بہتری پر کام کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی کے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے، ہم سے بہت غلطیاں ہوئیں لیکن اب حالات بدل رہے۔
ادھر کراچی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں یوم آزادی پر تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے پرچم کشائی کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے