نواز شریف میرے دل میں ابھی تک وزیراعظم ہیں: ایاز صادق

لاہور: قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ نواز شریف ان کے دل میں ابھی تک وزیراعظم ہیں اور پورا پاکستان ان کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت رائے ونڈ میں ہونے والے طویل مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف دوستوں اور شہریوں کے مطالبے پر جی ٹی روڈ کے راستے سے لاہور آئے تھے اور ان کو جو پذیرائی ملی وہ سب کے سامنے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ‘نواز شریف میرے دل میں ابھی تک وزیراعظم ہیں، اسی لیے نواز شریف کے لیے میرے منہ سے بار بار وزیراعظم ہی نکلتا ہے’۔

مشاورتی اجلاس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ‘نواز شریف نے اجلاس میں کسی ادارے سے تصادم کی بات نہیں کی بلکہ انہوں نے اپنا حق لینے کی بات کی ہے’۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان کا ہر حصہ نواز شریف کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے، نواز شریف ہر جگہ جائیں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس جگہ کے لوگ سابق وزیراعظم کو زیادہ شدت سے بلائیں گے وہ وہاں ضرور جائیں گے۔

آئین میں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ‘جو ہونا تھا، وہ ہوچکا اب آگے دیکھنا ہے’۔

انہوں نے بتایا کہ جمعہ اور جمعرات کو الیکشن اصلاحات بل کے حوالے سے ملاقات ہوگی جس کے لیے 125 اجلاس ہوچکے ہیں۔

’نواز شریف کی نااہلی کے باوجود (ن) لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا‘

بعد ازاں لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ’پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی کا کام بھی جاری رہے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بارہا کہا آئین میں اہم ترامیم کی ضرورت ہے، آئین میں ایسی شق شامل کرنا ہوں گی جس سے ہر ایک کو فوری انصاف ملے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف کی نااہلی کے باوجود (ن) لیگ کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی بلکہ اضافہ ہوا، ان کے دوروں کا حتمی شیڈول تیار کیا جارہا ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔‘

قبل ازیں نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسپیکر سردار ایاز صادق کے علاوہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز، وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر ریلوے سعد رفیق، وزیر داخلہ احسن اقبال، سابق وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، سینیٹر آصف کرمانی، وزیر مملکت انوشہ رحمٰن اور دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے۔

مشاورتی اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے