اسمارٹ فونز کو ختم کرنے کے منصوبے کی تفصیلات افشاں

رواں برس اپریل میں دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ 5 سال میں دنیا سے اسمارٹ فونز کو ختم کرنے کے کام کا آغاز کردے گی۔

فیس بک کی جانب سے یہ اعلان اپنی سالانہ کانفرنس کے موقع پر کیا گیا، جس میں کمپنی نے اپنے 10 سالا ماسٹر پلان سے متعلق اعلانات کرتے ہوئے ٹیکنالوجی کمپنیز کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی تھی۔

اس کانفرنس میں فیس بک نے اعلان کیا تھا کہ کمپنی 2022 تک ایسے اسمارٹ گلاسز (چشمے) متعارف کرائے گی، جو اسمارٹ موبائلز، کمپیوٹرز اور کیمرا کی جگہ لے لیں گے۔

اب فیس بک کی جانب سے ایسے ہی چشمے کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے کے لیے امریکا کی پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس میں درخواست جمع کرائی گئی ہے۔

یہ درخواست فیس بک کی ورچوئل ریئلٹی (وی آر) کی کمپنی اوکیولس کے ہیڈ مائیکل ابریش کی جانب سے کرائی گئی۔

اوکیولس نے اس درخواست کے ذریعے امریکی حکومت سے ایک ایسے چشمے کے پیٹنٹ کی درخواست کی ہے، جو نہ صرف اسمارٹ فونز، کمپیوٹرز، اسکینر اور کیمرا کا نعمل بدل ہوسکتا ہے، بلکہ وہ دنیائے ٹیکنالوجی کو بھی بدلنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

پیٹنٹ کی درخواست سے پتہ چلتا ہے کہ کمپنی ایک ایسا چشمہ تیار کرنا چاہتی ہے، جس میں نہ صرف آڈیو، ویڈیو کال کی سہولت میسر ہوگی، بلکہ وہ تصاویر اور ویڈیوز بھی بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔

رواں ماہ 17 اگست کو جمع کرائی گئی درخواست میں ایسے چشمے کو رجسٹرڈ کرنے اور پیٹنٹ دینے کی درخواست کی گئی، جس میں اسکینرز بھی نصب ہوں گے، یہ چشمہ جدید ڈیزائن سے لیس اور کم وزنی ہوگا۔

خیال رہے کہ یہ درخواست فیس بک کی جانب سے 2015 میں خریدی گئی ورچوئل ریئلٹی کی مصنوعات بنانے والی کمپنی اوکیولس کی جانب سے دی گئی۔

پیٹنٹ کے حوالے سے جب فیس بک سے رابطہ کیا گیا تو اس نے اس حوالے سے بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے، درخواست کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

فیس بک انتظامیہ ورچوئل اسمارٹ گلاسز کو 2022 تک متعارف کرانے کا اعلان کرچکی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے