ٹرمپ دھمکی،چین ،روس کے بعد ایران بھی پاکستان کا حامی

چین اور روس کے بعد ایران نے بھی پاکستان کی حمایت کردی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دھمکی آمیز رویے اور نئی افغان حکمت پر تہران نے
بھی کڑی تنقید کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اس حوالے سے کہا کہ امریکا خطے کے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہے، واشنگٹن خطے خصوصا ً افغانستان میں اپنی غلط اور بے وقت پالیسی کے نتائج پر دوسرے ممالک کو مورد الزام نہ ٹھہرائے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکا کی مداخلت پر مبنی پالیسی، غلط فیصلے اور یکطرفہ کارروائیوں کے نتیجے میں خطے میں تناو، تشدد، دہشت گردی اور انتہاپسندی میں اضافہ ہوا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنی نئی افغان حکمت عملی میں پاکستان کے خلاف بیان پر شدید تنقید اور مذمت کرتے ہوئے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے کے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نےایک بیان میں کہا کہ امریکا کو دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت کرنے اور ان کو سرٹیفکیٹ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

ان کا یہ بھی کہناتھاکہ آج امریکا جس بنیاد پر دوسرے ممالک پر دباو ڈال رہا ہے، اس کی اصل وجہ علاقے میں واشنگٹن کی منفی پالیسی بالخصوص افغانستان میں توسیع پسندانہ اقدامات ہیں۔

بہرام قاسمی نے امریکی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ علاقائی ممالک میں مداخلت نہ کریں اور نہ ہی اپنی خواہشات ان پر مسلط کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے ممالک اجتماعی تعاون کے ذریعے دہشت گردی سے نمٹنے اور امن و سلامتی کے قیام کے لئے اچھی صلاحیت رکھتے ہیں اور انہیں امریکہ کی جانب سے عدم استحکام اور دہشت گردی میں اضافہ کرنے والی پالیسیوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے