’پاکستان اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطح کا رابطہ نہیں ہوا‘

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیاء کے لیے نئی امریکی پالیسی سامنے آنے کے بعد سے پاکستان اور امریکا کے درمیان فی الحال کوئی اعلیٰ سطح کا رابطہ قائم نہیں ہوا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران نفیس زکریا نے امریکی جنرل جان نکلسن کے الزامات کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر امریکی جنرل کا بیان ناقابل قبول ہے‘۔

بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی جانب سے امریکا میں پاکستانی سفیر کو لکھے گئے خط پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ایک سفیر کی جانب سے لکھا گیا خط منظر عام پر آ گیا۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ ’موجودہ حالات میں عبدالباسط کے مبینہ خط پر کوئی بحث نہیں کرنی چاہیے‘۔

نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایسی باتوں سے گریز کرنا ہوگا۔

افغانستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اس بات کا قائل ہے کہ افغان مسئلے کا حل فوجی نہیں سیاسی ہے‘۔

انہوں نے وزیر اعظم کی سربراہی میں آئندہ دنوں ہونے والی سفیروں کی کانفرنس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس عید کی تعطیلات کے فوراً بعد منعقد کی جا رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم نے چارج سنبھالنے کے فوری بعد سفیروں کی کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا اور اس کانفرنس میں منتخب ممالک سے پاکستانی سفیر حصہ لیں گے۔

ترجمان کے مطابق ’وزیراعظم کی صدارت میں مذکورہ کانفرنس 5 سے 7 ستمبر کو ہوگی، یہ روٹین کی کانفرنس ہے جس میں خارجہ پالیسی کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا جائے گا‘۔

امریکا کے ساتھ تعلقات پر مزید بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات تاریخی ہیں، مجلس شوری میں نئی امریکی پالیسی پر بحث ہو چکی ہے، امریکا کے ساتھ بہت سے شعبہ جات میں مل کر کام کیا جبکہ دونوں ممالک کی انسداد دہشت گردی سے لے کر ایٹمی عدم پھیلاؤ سمیت بہت سے امور پر مشترکہ کاوشیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی خواہش موجود ہے جبکہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ طویل المدتی تعلقات ہیں۔

نفیس زکریا نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو دنیا کے متعدد ممالک تسلیم کرتے ہیں اور ہم خطے کے دوست ممالک سے رابطہ کر رہے ہیں۔

ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران امریکی ریاست ٹیکساس میں طوفان سے تباہ کاریوں پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ فخر ہے پاکستانی کمیونٹی ریسکیو اور ریلیف کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے حریت رہنماؤں کو حراست میں لینے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے