سابق بھارتی صدرڈاکٹر عبدالکلام انتقال کر گئے ،صدر و وزیر اعظم پاکستان کا اظہارافسوس

dr-apj-abdul-kalam

بھارت کے سابق صدر اور عالمی شہرت یافتہ سائنس دان ڈاکٹر عبدالکلام 83 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی آئی ایم شیلونگ میں ایک تقریب کے دوران سابق بھارتی صدر کو اچانک دل کا دورہ پڑا جس سے وہ وہیں گرپڑے اور انہیں انتہائی تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ڈاکٹر عبدالکلام بھارت کے 11 ویں صدر کی حیثیت سے 25 جولائی 2002 سے 25 جولائی 2007 تک اپنے منصب پر فائز رہے ان کی وجہ شہرت ان کی سائنس کے میدان میں خدمات تھیں۔

ڈاکٹر عبدلکلام ایک متوسط بلکہ اس سے بھی کچھ کم درجہ کے خاندان میں پیدا ہوئے۔ محنت اور خداداد ذہانت سے ترقی کرتے ہوئے وہ بھارت کے اول نمبر سائنس دان اور بعد میں ملک کے صدر بنے۔

پاکستانی عوام کے دل میں عبدالکلام کے عزت و احترام کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ مسلمان تھے۔ انتہائی انکسار اور عاجزی ان کا مزاج تھی۔ وہ اخبارات کی ایجنسی پر بھی مزدوری کرتے رہے۔ انکے والد انہیں کلکٹر جیسا بڑا افسر بنانا چاہتے تھے مگر وہ جہازوں کی انجینئرنگ سے ہوتے ہوئے میزائلوں اور اٹامک انرجی ٹیکنالوجی کی طرف آگئے۔

انہوں نے بھارتی خلائی اور میزائل ٹیکنالوجی کو وسیع کرنے اور انہیں جدید بنانے میں بہت کام کیا اور جدید بھارتی خلائی مشن ان ہی کا مرہون منت ہے جب کہ انہوں نے بھارتی ایٹمی پروگرام میں بھی اپنا اہم کردار ادا کیا جس کے بعد بھارت 1998 میں ایٹمی طاقت بنا، اپنی اس مہات کے سبب ڈاکٹر عبدالکلام بھارت میں ’’میزائل مین‘‘ کے نام سے مشہور تھے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے ان کی وفات پر 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ۔

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے سابق بھارتی صدر ڈاکٹر عبدالکلام کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے ان کےاہل خانہ اوربھارتی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ حکومت پاکستان کی جانب سے سابق بھارتی صدر ڈاکٹر عبدالکلام کے انتقال پر اظہارافسوس کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے