پاکستانی سفیروں کی 3 روزہ کانفرنس کا آغاز، خارجہ پالیسی پر غور

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی سفراء کی تین روزہ کانفرنس کا آغاز ہوگیا جس میں خارجہ پالیسی سے متعلق اہم معاملات پر غور کیا جارہا ہے۔

کانفرنس میں امریکا، روس، چین، سعودی عرب ،قطر، افغانستان، ایران اور بھارت سمیت مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفیر شریک ہیں۔

کانفرنس کے شرکاء جغرافیائی سیاسی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں خارجہ پالیسی کی اہمیت اور اس میں مزید بہتری کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کانفرنس کا افتتاح کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف نے تمام سفیروں سے امریکی پالیسی اور علاقائی صورتحال پر تجاویز طلب کیں۔

ذرائع کے مطابق کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے مذاکرات کی بات پاکستان کے موقف کی حمایت ہے، پاکستان مسلسل یہ کہتا رہا ہے کہ افغان مسئلے کا فوجی حل ممکن نہیں۔

ذرائع نے خواجہ آصف کے حوالے سے بتایا کہ ’پاکستان کشمیر کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا‘۔

ذرائع کا کہنا تھا امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے شرکاء کو امریکی پالیسی پر بریفنگ دی اور تجاویز بھی طلب کی گئیں۔

واضح رہے کہ کانفرنس کے دوران سفیروں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو حتمی شکل دینے کے بعد انہیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھجوایا جائے گا۔

3 روز تک جاری رہنے والی اس کانفرنس کی اختتامی نشست کی صدارت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے