وزیراعظم کی ایف 16 طیارے میں بیٹھ کر فوجی مشق میں شرکت

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایف 16 طیارے میں بیٹھ کر فوجی مشقوں میں شرکت کی،وہ اس طرح فوجی مشقوں میں شرکت کرنے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا، جہاں آمد پر ایئرچیف مارشل سہیل امان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے نئے تعمیر شدہ ایئر پاور سینٹر آف ایکسی لینس کا دورہ کیا جہاں انہیں سیفرون بینڈڈ نامی فوجی مشقوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ ایئرپاور سینٹر آف ایکسی لینس جدید ترین آلات سے لیس ادارہ ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق وزیراعظم نے ایف 16طیارے میں بیٹھ کر فوجی مشقوں کا جائزہ لیا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم نے جہاز میں بیٹھ کر فوجی مشق میں شرکت کی جب کہ سربراہ پاک فضائیہ نے دوسرے ایف 16جہاز میں بیٹھ کر جاری فوجی مشق میں شرکت کی۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایف 16 جہاز کے ریئرکاک پٹ میں بیٹھ کر فلائنگ مشن میں حصہ لیا۔

وزیراعظم نے کمبیٹ افسران اور گراؤنڈ کریو سے بھی ملاقات کی، انہوں نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے عزم و حوصلے کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ دنیا کی جدید ترین فضائیہ میں شامل ہے اور ملکی فضائی حدود کی محافظ ہے۔

ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ اکتوبر میں کثیرالملکی فوجی مشقوں کی میزبانی کرے گی۔

اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مصحف بیس سرگودھا کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو قدرتی آفات سے نمٹنے اورامدادی کاموں پر پاک فضائیہ کی خدمات، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی پاک فضائیہ کی خدمات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان ایئرفورس کے وطن کے دفاع کے لیے بہترین کردار کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ فضائی حدود کے تحفظ میں پاک فضائیہ کا کردارقابل تعریف ہے اور پاک فضائیہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے بھی اہم کردار ادا کررہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے