نواز شریف کے محاسبے سے پاکستان مزید مضبوط ہوگا، تحریک انصاف

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بادشاہت کمزور اورجمہوریت کو استحکام میسرآیا ہے اور نوازشریف کے محاسبے سے پاکستان مضبوط ہوا ہے اور مزید ہوگا۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے وزیرداخلہ احسن اقبال کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ کی جانب سے ملک کی اعلیٰ ترین عدالت اورقومی سلامتی کے اداروں کے بارے میں انتہائی نامناسب جملہ بازی افسوسناک ہے، شہزادی صاحبہ سے ملاقات کا براہ راست اثراحسن اقبال کی فہم و فراست پر پڑا ہے، شہزادی صاحبہ نے عدالت اور قومی اداروں کے خلاف جو سبق پڑھایا احسن اقبال نے اچھے بچوں کی طرح اپنی گفتگو میں دہرا دیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر رونا دھونا چھوڑیں اورنیب کو مطلوب نواز شریف اور ان کے بچوں کو واپس بلوائیں، ہماری بدقسمتی ہے کہ ایسے “ارسطووٴں” سے پالا پڑا ہے جن کے فلسفے پر خود عقل ماتم کناں ہے، پوری دنیا کرپشن کو ایک لعنت کے طور پر دیکھتی اور اس کے خاتمے کے لئے خصوصی محنت کرتی ہے، دیسی “ارسطو” ہمیں ڈراتے ہیں کہ نوازشریف جیسے کرپٹ ترین شخص کا محاسبہ کیا تو ملک عدم استحکام کا شکار ہوگا جب کہ پاکستان میں بادشاہت کمزور اور جمہوریت کو استحکام میسر آیا ہے اور نواز شریف کے محاسبے سے پاکستان مضبوط ہوا ہے اور مزید ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سازش سازش کا راگ الاپنے والوں نے قوم کو آج تک نہیں بتایا کہ سازش کر کون رہا ہے، احسن اقبال وفاقی وزیر داخلہ ہیں بتائیں حدیبیہ کیس کھلوانے کیلئے کس نے دباوٴ ڈالا، ہمیشہ روایت رہی ہے کہ جنگ، دی نیوز میں خبر لگوائی جاتی ہے اور پھر لیگی وزیر پریس کانفرنس کرتے ہیں، احسن اقبال کی نظر میں نواز شریف کون ہے اسکی کوئی اہمیت نہیں، اور قوم کیلئے نواز شریف ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کی جانب سے دومرتبہ بددیانتی، خیانت اور جھوٹ پر نکالے گئے شخص سے زیادہ کچھ نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نصرت بھٹو کیس کے فیصلے سے فیضیاب ہونے والوں میں نواز شریف اور احسن اقبال جیسے بیشمار کردار شامل ہیں، نصرت بھٹو کیس کے فیصلے کے بعد احسن اقبال شرمندہ ہوئے نہ ہی انہوں نے قوم سے معافی مانگی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے