عامر خان کو نئی فلم میں پہچاننا مشکل

ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا اپنی نئی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کے لیے اپنایا گیا نیا روپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا عامر خان اپنے نئے روپ میں بالکل بھی پہچانے نہیں جارہے۔

اداکارعامر خان ہر فلم میں کچھ نہ کچھ نیا کرتے ہیں جس کے باعث ان کی فلمیں نہ صرف کامیابی حاصل کرتی ہیں بلکہ بزنس کے نئے ریکارڈ بھی قائم کرتی ہیں ،گزشتہ برس فلم ’’دنگل‘‘ سے دنیا بھر میں داد سمیٹنے اور تقریباً 2000کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے کے بعد اب عامر خان اپنی نئی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کے ذریعے ایک بار پھر شائقین کو محظوظ کرنے آرہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ابھی تکمیل کے مراحل میں ہے لیکن ابھی سے عامر خان نے اپنے نئے روپ کی وجہ سے میڈیا میں جگہ بنانی شروع کردی ہے ، حال ہی میں عامر خان کی نئی تصاویر جاری ہوئی ہیں جن میں ان کے بال بکھرے ہوئے اور کپڑوں پر مٹی لگی ہوئی ہے۔

عامر خان کا یہ نیا روپ دیکھ کر شائقین حیرت زدہ رہ گئے ہیں کیونکہ اس سے قبل عامر خان پہلے کبھی اس روپ میں نظر نہیں آئے، تصاویر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ عامر ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ میں چور یا دھوکے باز کے روپ میں نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ میں پہلی بار عامر خان کے ساتھ بالی ووڈ کے بگ بی امیتابھ بچن بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے جب کہ اداکارہ کترینہ کیف اور فاطمہ ثنا شیخ بھی ان کے ہمراہ فلم میں موجود ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے