’میں اب درختوں کے اردگرد ڈانس نہیں کرسکتا‘سنجے دت

ایک طرف جہاں بولی وڈ کے بڑے ستارے ابھی بھی اپنی فلموں میں نوجوانوں کے کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں، وہیں سنجے دت بھی اپنے لیے ایک نئی راہ بنا رہے ہیں۔

سنجے دت فلم ’بھومی‘ کے ساتھ بولی وڈ میں واپسی اختیار کررہے ہیں اور وہ اب فلمیں اپنی عمر کے حساب سے ہی کریں گے۔

فلم ’بھومی‘ میں انہوں نے اداکارہ ادیتی راؤ حیدری کے والد کا کردار ادا کیا۔

اس فلم کے بعد 8 فلمیں ان کی لسٹ میں موجود ہیں، جن میں منا بھائی سیریز، صاحب بیوی اور گینگسٹر 3، ملنگ، شدت، مارکو بھاؤ، تورباز اور نشی کانتھ کمتھ کی فلم موجود ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق سنجے دت کا فلم ’بھومی‘ کی تشہیر کے دوران کہنا تھا کہ ’میں ایسی فلموں کے اسکرپٹ سائن کررہا ہوں جس میں، میں اپنی عمر کے ہی کردار کروں، میرے خیال سے ایسا اب تک ہندوستانی فلموں میں نہیں ہوا اور میں یہی کرنا چاہتا ہوں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے جیل میں اپنی عمر بڑھتی دیکھی ہے، اب میں درختوں کے ارد گرد ڈانس نہیں کرسکتا اور نہ ہی کالج کا طالب علم بن سکتا ہوں، میں اپنی عمر کے حساب سے کردار کروں گا‘۔

جہاں شاہ رخ، عامر، سلمان، اکشے اور اجے دیوگن اپنی عمر سے کم اداکاراؤں کے ساتھ فلموں میں رومانس کرتے نظر آتے ہیں، وہیں سنجے دت کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح کی رومانٹک فلموں میں کام نہیں کریں گے۔

فلم ’بھومی‘ گزشتہ روز سینما گھروں میں پیش کردی گئی جسے ملا جلا ردعمل موصول ہورہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے