بیگم کلثوم نواز کی طبیعت ایک بار پھر بگڑ گئی

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو طبیعت بگڑنے پر دوبارہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی والدہ کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کے بعد انہیں دوبارہ اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز ان کی طبیعت بہتر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔مریم نواز نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ان کی والدہ کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بیگم کلثوم نواز کو تیسری سرجری کے لیے لندن کے اسپتال لایا گیا تھا اور کامیاب سرجری کے بعد انہیں گھر منتقل کردیا گیا تھا اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی تھی۔ بیگم کلثوم نواز علاج کی غرض سے لندن گئی تھیں جہاں ڈاکٹرز نے ان کے گلے میں کینسر کی تشخیص کی تھی۔ کلثوم نواز کے 3 آپریشن کیے جا چکے ہیں جو کامیاب رہے ہیں۔
نواز شریف بھی اپنی اہلیہ کی تیمار داری اور عید منانے کے لیے لندن پہنچے تھے تاہم اب وہ وطن واپس آچکے ہیں جب کہ سابق وزیراعظم کے دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز اب بھی لندن میں ہی موجود ہیں۔
نواز شریف کے نااہل ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست این اے 120 لاہور میں 17 ستمبر کو ضمنی انتخاب ہوا تھا جس میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیگم کلثوم نواز امیدوار تھیں اور ملک میں موجود نہ ہونے کے باوجود وہ الیکشن جیت گئی تھیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے