کابل میں امام بارگاہ کے قریب خودکش حملے میں 6 افراد جاں بحق

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امام بارگاہ کے قریب خودکش دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق کابل کے علاقے قلعہ فتح اللہ میں نماز جمعہ کے بعد مسجد حسینیہ پر خودکش حملے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق چرواہے کے روپ میں ایک خودکش حملہ آور نے مسجد حسینیہ کے قریب پہنچنے کی کوشش کی تاہم سخت حفاظتی انتظامات کی وجہ سے وہ ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہا جس پر اس نے مسجد کے قریب خود کو دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ہلاک شدگان اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ فوری طور پر حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی جب کہ محرم الحرام کی وجہ سے ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب مغربی صوبے فرح میں پولیس چوکی پر طالبان کے حملے میں 5 اہلکار ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔ صوبائی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد افغان ایئر فورس کے طیاروں نے طالبان کی تین گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس میں کم از کم 20 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے