عمران خان نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی، توہین عدالت کیس ختم

اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی معافی قبول کرتے ہوئے توہین عدالت کیس ختم کردیا۔

چیف الیکشن کمیشنر ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے آغاز میں چیف الیکشن کمیشنر کی جانب سے تحریری معافی نامہ طلب کرنے پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے بیان پر دو مرتبہ معافی مانگ چکے ہیں۔

الیکشن کمشنر نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ ’کمیشن کو عمران خان کے دستخط شدہ تحریری معافی نامے فراہم کیے جائیں‘۔

تاہم بابر اعوان کی جانب سے عمران خان کے بیانات سے متعلق ان ہی کے دستخط شدہ تحریری معافی نامے جمع کرائے جس کے بعد الیکشن کمیشن کے بینچ نے توہین عدالت کیس ختم کردیا۔

تحریک انصاف کے سربراہ کے ساتھ پارٹی کے سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی جہانگیر ترین بھی کیس کی سماعت کے لیے الیکشن کمیشن پہنچے تھے۔

خیال رہے کہ عمران خان کی توہین عدالت کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی کے جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ پارٹی چیئرمین ای سی پی کے کمیشن کے سامنے رضا کارانہ طور پر پیش ہوں گے.

ای سی پی نے رواں ماہ 12 اکتوبر کو توہین عدالت کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 26 اکتوبر کو عمران خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کمیشن کے سامنے رضاکارانہ طور پر پارٹی کی رائے کے خلاف پیش ہونگے جبکہ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنے اختیارات کے تحت ملزمان کو سزا دیں گے‘.

اس سے قبل گذشتہ ماہ 14 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 25 ستمبر کو طلب کیا تھا۔

تاہم 20 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے پی ٹی آئی چیئرمین کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے عمران خان کو الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن دائر کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے