نواز شریف کی سیاست کی قبر کُھد چکی اوراسے دفنا بھی دیا گیا، عمران خان

خانیوال: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہےکہ نوازشریف آپ مائنس ون ہوگئے ہو کیوں کہ آپ کو سپریم کورٹ نے مائنس کردیا ہے اور آپ کی سیاست کی قبر کُھد چکی ہے۔

خانیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں باہر سے لوگ پڑھنے آتے تھے، یہاں کے تمام ادارے خطے کے بہترین ادارے تھے، میں نے ملک کو نیچےجاتے دیکھا ہے۔ دنیا ہماری ایئرلائن کومانتی تھی اب پی آئی اے کا نیویارک روٹ بند کردیا گیا ہے، آج پاکستان تباہی کی طرف جارہا ہے، مجرموں نے ملک پر قبضہ کرلیا ہے، حکمرانوں نے باریاں لیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے سارا پاکستان جاگ چکاہے، اور تبدیلی کے لیے تیار ہے، عوام فیصلہ کرچکے ہیں کہ ملک ایسے چلنے نہیں دیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف مائنس ون ہوگئے ہیں کیوں کہ انہیں سپریم کورٹ نے مائنس کردیا ہے، نواز شریف کی سیاست کی قبر کُھد چکی ہے ، وہ آج کل اداروں پر حملے کررہے ہیں اور کہتے ہیں سازش ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی سے زیادہ کمزور اور بزدل وزیراعظم نہیں دیکھا، انہوں نے شوکت عزیز کا بھی ریکارڈ توڑدیا، وہ 94 ارب روپے ایم این ایز کو الیکشن جیتنے کے لئے دے رہے ہیں، ایک طرف ملک کو قرضوں میں ڈبویا جارہا ہے، دوسری طرف ایم این ایز کو 94 ارب دیئے جارہے ہیں اگرتم ان کو 50 ارب روپے اور بھی دے دو تب بھی الیکشن نہیں جیت سکتے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس وقت سارے ادارے اربوں روپے کا نقصان کررہے ہیں، ان اداروں کے نقصان کی صورت میں عوام پر ٹیکسز لگتے ہیں جب کہ ہم اداروں میں بہترین لوگ اوپر لائیں گے، ہمیں اپنی گورننس ٹھیک کرنی ہے، کرپشن پر ہاتھ ڈالنا ہے اور میں 8 ہزار ارب روپے ٹیکس اکٹھا کرکے دکھاؤں گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے