تھائی خاتون نے جیون ساتھی کے لیے اشتہار گھر کے باہر لگادیا

تھائی لینڈ کی ایک خاتون نے بہتر جیون ساتھی کی تلاش میں اپنے گھر کے باہر اشتہار لگادیا ہے۔

65 سالہ خاتون سومپونگ چومپھوپراپیت تھائی لینڈ کے علاقے یوبون رشتھانی میں رہتی ہیں۔

انہوں نے شوہر کی تلاش کا جو انوکھا طریقہ اختیار کیا ہے وہ خبروں اور سوشل میڈیا کی زینت بنا ہے۔

انہوں نے تھائی زبان میں ایک پوسٹر لکھ کر اسے اپنے گھر کے باہر آہنی جالیوں پر نصب کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ان میں دلچسپی رکھنے والے مرد گھر کے اندر آکر مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

اگرچہ آن لائن کئی ویب سائٹ اور ایپس موجود ہیں جہاں آپ اپنا جیون ساتھی تلاش کرسکتےہیں لیکن مطلقہ سومپونگ نے اپنے گھر کے باہر اشتہار لگانا ہی بہتر سمجھا جو ان کے خیال میں رفیقِ حیات تلاش کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔

تاہم انہوں نے بتایا کہ اب تک قسمت ان پر مہربان نہیں ہوئی ہے اور اس سے قبل وہ دوشادیاں کرچکی ہیں جو دونوں ناکام ہوئی تھیں۔

ان کی پہلی شادی ایک تھائی مرد سے ہوئی جو شراب نوشی کا رسیا تھا اور وہ انہیں چھوڑ کر جرمنی چلی گئی تھیں۔

جرمنی میں انہوں نے دوسری شادی کی جو 13 برس کے بعد ختم ہوگئی۔

اس کے بعد وہ تھائی لینڈ لوٹ آئیں اور اب کسی ایماندار اور محبت کرنے والے شخص کا انتظار کررہی ہیں۔

انہوں نے گھر کے باہر لگے اشتہار میں لکھا ہے کہ ’ میں 65 سالہ خاتون ہوں جسے 60 سے 70 برس کے مرد کی تلاش ہے جو پینشنر اور رنڈوا ہو۔

میں مکمل طور پر مخلص، صحتمند اور رحم دل ہوں۔ اگر آپ دلچسپی رکھتے ہیں تو یہاں رابطہ فرمائیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ تنہا رہنا کسی اداسی سے کم نہیں۔

مجھے کسی ریٹائرڈ بیورو کریٹ کی تلاش ہے جو پینشن پر ہو لیکن مجھے سچا پیار چاہیے اور ایسا پیار جسے صرف موت ہی ختم کرسکے۔

پہلے میں رابطہ کرنے والے کو دیکھوں گی کہ آیا وہ میری طرح کا ہے یا نہیں۔

اب تک دو افراد ان سے شادی کے لیے رابطہ کرچکے ہیں اور وہ ان دونوں رشتوں کو ٹھکرا چکی ہیں۔ ان میں سے ایک کی عمر 58 برس تھی ۔

لیکن دونوں امیدواروں کی پینشن بہت کم تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے