’میرے اصولی موقف،جدوجہد کا فائدہ بالآخر پاکستان اور عوام کو ہوگا‘

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ انصاف اور قانون کی بالادستی اور ووٹ کے تقدس کے لیے وکلا کو ساتھ لے کر چلیں گے جبکہ ان کے اصولی موقف اور جدوجہد کا فائدہ بالآخر پاکستان اور عوام کو ہوگا۔

نواز شریف احتساب عدالت میں پیشی کے بعد پنجاب ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے غیر رسمی مشاورتی اجلاس کی صدارت کی، جس میں آئندہ کی سیاسی اور قانونی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس دوران خواجہ حارث کی سربراہی میں قانونی ٹیم اوراٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے بھی سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی اور احتسابی عمل اور حدیبیہ پیپرز ملز کیس کے قانونی نکات پر مشاورت کی گئی۔

احتساب عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور ہونے اور قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد نواز شریف نے لندن جانے کا فیصلہ کیا، جہاں وہ اہلیہ کلثوم نواز کی دیکھ بھال کے لیے کچھ روز قیام کریں گے، جبکہ ان کے ہمراہ ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی 20 نومبر کو لندن روانہ ہوں گی۔

غیر رسمی اجلاس کے بعد سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدور، پاکستان بار کونسل کے عہدیداران اور معروف وکلا نے نواز شریف سے ملاقات کی۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی اور بحالی کی تحریک میں وکلا کے ساتھ مل کر لانگ مارچ کیا جس کے نتیجے میں ملک میں عدلیہ بحال ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ ملک میں انصاف اور قانون کی بالادستی کے لیے کیا تھا، انصاف کا حصول ہر ایک شہری کا بنیادی حق ہے، جبکہ پاکستان بھی ایک کالے کوٹ والے قانون دان نے بنایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے استحکام کے لیے جمہوریت اور مضبوط جمہوری ادارے بہت ضروری ہیں، ہمیشہ خلوص نیت سے پاکستان کی خدمت کی اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔‘

ذرائع نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں نئی حلقہ بندیوں اور مجوزہ آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایاز صادق نے سابق وزیر اعظم کو پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس اور جمعرات کے قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے آگاہ کیا۔

پنجاب ہاؤس میں مریم نواز نے بھی لیگی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور ایبٹ آباد جلسہ پر مشاورت کی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کارکنان اور لیگی رہنماؤں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے