اسلام آباد اور کراچی میں دھرنا جاری

اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے فیض آباد انٹر چینج پر جاری مذہبی جماعت تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دھرنے کا آج 19واں جبکہ کراچی میں دیے گئے دھرنے کا چھٹا دن ہے۔
دونوں جگہوں پر مظاہرین اپنے مطالبات کے پورے ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر چکے ہیں۔
حکومت نے فیض آباد میں جاری دھرنے کے خلاف سخت کارروائی کے لیے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے گزشتہ روز ان کی سپلائی لائن کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ نے فیض آباد جانے والے تمام راستے بند کردیے اور مری روڈ پر مزید کنٹیز لگا دیئے۔
کھانے پینے کے اسٹالز کو بھی بند کرنے کے ساتھ، فیض آباد پل کے گرد اسٹریٹ لائٹس بھی رات میں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ مذہبی جماعتوں نے اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ 18 روز سے فیض آباد میں دھرنا دیا ہوا ہے، جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے مذہبی جماعتوں کو دھرنا ختم کرنے کا حکم دیا تھا لیکن انہوں نے یہ حکم ماننے سے انکار کر دیا تھا۔
اس پر عدالت نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ نیکی کے کام کو اگر غلط انداز سے کیا جائے تو یہ عمل بھی غلط ہی ہو گا۔
ادھر دھرنا قائدین کا کہنا ہے کہ وہ مقدمات سے گھبرانے والے نہیں، جب تک وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کو ان کے عہدے سے نہیں ہٹایا جاتا وہ اس وقت تک دھرنا جاری رکھیں گے۔

اِدھر کراچی میں نمائش چورنگی پرتحریک لبیک یارسول اللہ کے تحت احتجاجی دھرنا چھٹے روز بھی جاری ہے۔
دھرنے کے شرکاء نے نمائش سے صدر جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔
تحریک لبیک یارسول اللہ کے تحت 19نومبرکو نمائش سے تبت سینٹرتک احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم شرکاء نے نمائش چورنگی پر ہی دھرنا دے دیا ۔
آج دھرنے کے چھٹے روز ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے سبب دھرنے کے شرکاء صبح ہوتے ہی سڑک کے بیچ سے ہٹ کر ایم اے جناح روڈ کے کنارے پر آگئے ہیں اور نمائش سے صدر جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، جبکہ لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔
دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ جب تک اسلام آباد میں دھرنا جاری ہے تب تک کراچی میں بھی دھرنا جاری رہے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے