وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیردفاع کی ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیردفاع جیمز میٹس نے ملاقات کی۔

امریکی وزیردفاع جیمز میٹس کی سربراہی میں 21 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے اور اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیردفاع نے ملاقات بھی کی ہے۔ اس موقع پر وزیر دفاع خرم دستگیر، وزیرخارجہ خواجہ آصف ، وزیرداخلہ احسن اقبال، وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی وزیردفاع شام کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے اور وہیں سے واپسی کے لئے ائیرپورٹ روانہ ہوجائیں گے۔ جیمز میٹس مشرق وسطیٰ، مغربی افریقہ اور جنوبی ایشیا کے 5 روزہ دورے پر ہیں۔ وہ مصراور اردن کے بعد پاکستان آئے ہیں۔

جیمز میٹس کے پاکستان پہنچنے سے قبل امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ مائیک پومپیو نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے اپنے ملک میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم نہ کیں تو امریکا ان کے خاتمے کے لئے کچھ بھی کر گزرے گا۔

واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کی محفوظ پناہ گاہوں کےحوالے سے دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشتگرد پاکستان میں موجود محفوظ پناہ گاہوں سے افغانستان میں امریکی و اتحادی فوج پر حملوں میں ملوث ہیں، جبکہ پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں دہشتگردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے