سر رہ گزر ڈالر ڈال ہے سونے دی!

ڈالر ریکارڈ مہنگا، 112روپے کا ہو گیا۔ پاکستان میں شدید مہنگائی کا خدشہ، یورو، پائونڈ سمیت دیگر ممالک کی کرنسیاں بھی بڑھ گئیں۔ ہمارے لئے تو مشکل یہ ہے کہ روپے کی قیمت کم ہو گئی، ساری دنیا کی کرنسیاں عرشوں پر اور ہماری فرشوں پر اس پر تو فرشتوں کو بھی حیرانی ہوئی ہو گی، ڈار صاحب کے جانے کے ساتھ ہی ڈالر بھی ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔ اور ہمارے قرضوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، الٰہی! یہ کیا ہوتا جا رہا ہے، ہم تو معاشی اعتبار سے بڑے نمانڑے ہیں، جسم موٹے حالت پتلی ہے اب کوئی بذلہ سنج وزیر یہ بھی نہیں کہتا تیرا کیا بنے گا کالیا، شاید کہ وزیروں کو کسی اور آفت نے آ لیا، ویسے بھی ان کا مرض ایک مریض ایک فریاد ایک، البتہ ان کے اردگرد کئی فرہاد تیشہ بدست کھڑے ہیں، امریکہ بھارت اور اب اسرائیل کو بھی شامل کر لیں کہ ہمارے ہاں دہشت گردی بڑھتی ہے سازشوں میں جو سازش ملے، ہمارے روپے پر ایسی بپتا پڑتی رہتی ہے کہ وہ مسلسل دہائی دیتا ہے مجھے کیوں گھٹایا مگر ہمارے ارباب حکم صاحبان جاہ و حشم کے پاس اتنے ڈالر ہیں کہ روپے کی بھرائی ہوئی آواز کی ان کو کیا پروا، برق گرتی ہے تو بیچارے ڈالر یا پائونڈ نہ رکھنے والوں پر، وہ اپنا پھٹا پرانا روپیہ دیکھتے ہیں کبھی اپنی شومئی قسمت کو دیکھتے ہیں، عوام کہیں سے گھیر گھار کے ایک عدد دلہن اپنے آنگن میں اتار لیتے ہیں اور سارا خاندان اس کے گرد رقص کرتے ہوئے نغمہ سنج ہوتا ہے ’’او میری ڈال اے سونے دی‘‘ یہ ڈال، مہندی اترنے سے پہلے ہی کچن میں برتنوں کے میل اتارتی ہے، جلد ہی وہ دلہن سے کام والی اور ساس ولن بن جاتی ہے، بہرحال اتنا بھی غنیمت ہے کہ ہم نے اپنی دلہن کی قدر و قیمت میں اتنا جھوٹا اضافہ کر دیا کہ ڈالر نشے سے چڑھ گیا اوئے! ہم نے موجودہ اور آنے والے غموں کو ناچ کر، گا کر، خوشیاں منا کر ڈالر میں اضافے اور اپنے روپے کی قیمت میں کمی پا کر کچھ کم کرنے کی کوشش تو کی مگر سچ تو یہ ہے کہ سب کی کرنسیاں چڑھ گئیں ہماری کرنسی گر گئی۔ یہ ہے ہماری معیشت کا میکنزم۔
٭٭٭٭

شریف، شاہ اور خان
محمود اچکزئی:شاہ صاحب شریف آدمی ہیں۔
خورشید شاہ:آپ کے ساتھ شریف آدمی کیسے ہوسکتا ہے۔
خورشید شاہ صاحب سرد و گرم چشیدہ جہاں دیدہ سیاستدان ہیں بھلا وہ نہیں جانتے کہ؎
شریفوں کا وہ حال دیکھا کہ
شرافت چھوڑ دی ہم نے
ہمارے معاشرے میں ازکار رفتہ آدمی بارے کہتے ہیں انہیں چھوڑو جی یہ بہت شریف آدمی ہیں، خورشید شاہ اچکزئی کی اچکتی لپکتی بات کو سمجھ گئے اور نہایت موزوں جواب دے دیا، شاید اچکزئی نے رسید بھی نہ دی ہو کہ ایسے میں جب کوئی ’’شرافت‘‘ سے کام نہ لے تو وہ چپ سادھ لیتے ہیں یہی چپ ہی ان کی چادر ہے جو سردی گرمی اوڑھے نیواں نیواں ہو کے شریفوں کے پیچھے پیچھے چلتے ہیں چاہے اپنی برادری کا مطالبہ ہی پائوں تلے نہ دینا پڑے، یہ ہے غیر جانبداری کا وہ جانبدارانہ انداز کہ ہیرے کا جگر بھی کاٹ کے رکھ دے؎
آپ بھی شریف ہیں میں بھی شریف ہوں
یہ اور بات ہے کہ تو کثیف ہے میں لطیف ہوں
کہتے ہیں کثیف الدین اور لطیف الدین دو بھائی تھے دونوں بڑے شریف تھے، آگے چل کر یہ انجام ہوا کہ کثیف الدین نے لطیف الدین پر اپنی گیلی چادر ڈال دی اور کہنے لگا چادر نچوڑ دیں تو فرشتے وضو کریں، پشتون پارٹی برائے پنجابی پارٹی کے لئے وقف ہو جائے تو اور کیا چاہئے یہی تو صوبائی یکجہتی ہے، جو ہمارا مقصود ہے، اور مزے کی بات ہے ن لیگ کے لئے کہ اب ان کے خیر خواہ یک نہ شد دو شد، فارسی نہ سمجھنے والوں کے لئے بلا ترجمہ ایک شعر؎
بطواف کعبہ رفتم بہ حرم رہم نہ دادند
کے برون درجہ کر دی کہ درون خانہ آئی
٭٭٭٭

شہادت قابلِ فخر دہشتگردی شرمناک
….Oشہدائے وطن کی مائیں دعا گو ہیں اللہ تعالیٰ دہشت گردوں اور دہشت گردی کرنے والوں کو غارت کرے مگر آرمی چیف کو دل بڑا کر کے یہی کہتی ہیں مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، قوم کی ان عظیم مائوں کو سلام۔
….Oفاٹا بل پیش نہ ہوا، اپوزیشن بائیکاٹ کر گئی۔
فاٹا کا عدم ادغام، پختونستان کے پرانے روگ کو تازہ کرنا ہے۔
….Oپنجاب میں 17لاکھ ملازمین پنشن، اولڈ ایج گرانٹ سے محروم۔
جن کو ملتی ہے وہ بھی اتنی ہے کہ گویا نہیں ملتی اولڈ ایج گرانٹ بزرگ ملازمین کی کھاتا کوئی اور ہے۔
….Oبھارتی کانگریسی رہنما:مودی روزانہ 4 لاکھ روپے کے امپورٹڈ مشروم کھا جاتے ہیں۔
کیا مودی کا پیٹ بھارت کے رقبے سے بڑا ہے؟ بھارتی کانگریس مقدار کم کر دے تو کوئی یقین بھی کر لے۔
….Oمصنوعی دانتوں کا استعمال ہڈیوں کی کمزوری کا باعث بنتا ہے۔
اصلی دانت بھی ہڈیوں کو کمزور کرتے ہیں، کیونکہ آج کل ان کو چبانے کے لئے ہڈی توڑ غذائیں ملتی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے