بینظیر بھٹو قتل:’بلاول کے پاس میرے خلاف کیا ثبوت ہیں؟ مشرف

سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے بےنظیر بھٹو کے قتل میں ایک پار پھر پاکستان پیپلز پارٹی (ppp) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو ملوث قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے نظیر کے قتل سے آصف زرداری کو ہی سب سے زیادہ فائدہ ہے۔

بےنظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ اجلاس میں بلاول بھٹو کی جانب سے ’مشرف قاتل‘ کا نعرہ لگانے پر اپنے ویڈیو پیغام میں پرویز مشرف نے کہا کہ ’بلاول خواتین کی طرح نعرے لگانے سے پہلے آدمی بن کر دکھائے اور پھر نعرے لگوائے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’بلاول کے بچوں کی طرح باتیں کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، ان کے پاس میرے خلاف الزامات کا کیا ثبوت ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’دیکھنا یہ ہے کہ بےنظیر کے قتل سے سب سے زیادہ فائدہ کسے ہوا، مجھے تو کوئی فائدہ نہیں ہوا، امریکا تو چاہتا تھا کہ میں ملک کا صدر رہوں، بے نظیر کے قتل کا سب سے زیادہ فائدہ بلاول کے والد آصف زرداری کو ہوا، اسی بات نے بلاول کو خوفزدہ کیا ہوا ہے جس کے باعث وہ میرے خلاف نعرے لگوا رہے ہیں۔‘

پرویز مشرف نے کہا کہ ’بلاول کہتے ہیں کہ میں نے بےنطیر بھٹو کو سیکیورٹی نہیں دی، حکومت نے بےنظیر کو سو فیصد سیکیورٹی دی حالانکہ یہ میرا کام نہیں تھا۔‘

https://www.youtube.com/watch?v=G-ICWemy-cs

انہوں نے کہا کہ ’دوسری جانب نواز شریف بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر مجھ پر الزامات لگا رہے ہیں، دراصل یہ لوگ اس طرح فوج پر دباؤ ڈالنا چاہ رہے ہیں اور فوج پر دباؤ ڈالنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ مجھ پر دباؤ ڈالا جائے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ ان کے دور حکومت میں اسٹیبلشمنٹ میں ایسے عناصر ہوں جنہوں نے طالبان کے ساتھ مل کر سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کو قتل کرنے کی سازش کی ہو۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پرویز مشرف کو وطن واپس آنے اور عدالتوں کا سامنا کرنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ بہادر ہیں تو پاکستان آکر اپنے کیسز کا سامنا کریں، جبکہ وہ صرف بےنظیر بھٹو کے ہی نہیں بلکہ سانحہ کارساز کے شہداء اور اکبر بگٹی کے بھی قاتل ہیں۔‘

سکھر پریس کلب کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’میں بےنظیر بھٹو کے قتل کا کیس دبئی اور لندن میں بھی داخل کرسکتا تھا مگر میرا یہ اقدام پاکستان کی عدالتوں پر عدم اعتماد ہوتا، تاہم مجھے ملک کی عدالتوں سے امید ہے کہ ہمیں انصاف ملے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں نے پرویز مشرف سے زیادہ بزدل آدمی نہیں دیکھا جسے عدالت لے جایا جارہا تھا تو انہوں نے کہا مجھے ہسپتال لے چلو۔‘

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے