جمعہ : 29 دسمبر 2017 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یروشلم کی حیثیت، ایردوآن کی پوپ سے بات چیت[/pullquote]
جمعے کے روز ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کیتھولک میسحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسِس سے ٹیلی فون پر بات چیت میں یروشلم کی حیثیت کے موضوع پر تبادلہء خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ بات چیت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے تناظر میں تھی۔ 21 دسمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے نو کے مقابلے میں 128 ووٹوں سے اس امریکی فیصلے کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔ ایردوآن اور پوپ فرانسِس نے اپنی بات چیت میں جنرل اسمبلی کی قرارداد کے نتائج پر خوشی کا اظہار کیا۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے عہدیدار حوثی باغیوں کی جانب جھکاؤ رکھتے ہیں، سعودی اتحاد[/pullquote]
سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کے شعبے کے کوآرڈینیٹر حوثی باغیوں کی جانب جھکاؤ رکھتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے اس عہدیدار جیمی مک گولڈرِک نے اس سے قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی قیادت میں عرب اتحادی طیاروں کے حملوں میں ایک ہی روز میں 68 عام شہری مارے گئے۔ سعودی اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس عالمی عہدیدار کا بیان حوثی باغیوں کی جانب جھکاؤ کا حامل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گولڈرِک کی جانب سے دی گئی معلومات غیرمصدقہ ہیں۔

[pullquote]شمال مغربی شام میں جھڑپوں میں کم از کم 66 افراد ہلاک، مبصر گروپ[/pullquote]
شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ شمال مغربی شامی صوبے ادلب میں جہادیوں اور اپوزیشن جنگجوؤں کے ساتھ سرکاری فورسز کی جھڑپوں میں کم از کم 66 افراد مارے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سرکاری فورسز کو روسی فضائی مدد بھی دستیاب ہے۔ آبزرویٹری کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 19 عام شہری بھی شامل ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سرکاری فوج اور جنگجوؤں کے درمیان ادلب اور حما صوبوں کے متعدد مقامات پر جھڑپیں جاری ہیں۔ آبزرویٹری نے بتایا ہے کہ القاعدہ سے تعلق رکھنے والے عسکری گروپ فتح الشام کے ساتھ جھڑپوں میں 27 شامی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

[pullquote]اسلامک اسٹیٹ سے تعلق کے شبے میں انقرہ میں 29 افراد گرفتار[/pullquote]
ترک پولیس نے جمعے کے روز دارالحکومت انقرہ میں شدت پسند تنظیم داعش سے تعلق کے شبے میں 29 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس سے ایک روز قبل 120 مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ترک پولیس کی جانب سے جہادیوں کے خلاف یہ کریک ڈاؤن نئے سال کے آغاز سے قبل شروع کیا گیا ہے۔ انقرہ کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف ایک ساتھ مارے گئے چھاپوں میں 500 پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ ترک پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد میں سے زیادہ تر غیرملکی ہیں۔ ایک برس قبل نئے سال کے آغاز کے موقع پر استنبول میں ہوئے ایک دہشت گردانہ حملے میں 39 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]ٹرمپ کی چین پر تنقید[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کو خفیہ طور پر تیل فراہم کرنے کے حوالے سے چین پر تنقید کی ہے۔ ان کی یہ تنقید ان الزامات کے بعد سامنے آئی ہے کہ چینی بحری جہازوں نے خفیہ طور پر تیل شمالی کوریا کے بحری جہازوں میں منتقل کیا تھا۔ ٹرمپ نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ چین ’’رنگے ہاتھوں‘‘ پکڑا گیا ہے اور اگر یہ درست ہے تو یہ عمل اقوام متحدہ کی تازہ پابندیوں کی خلاف ورزی ہے جن میں شمالی کوریا کو تیل کی فراہمی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ شمالی کوریا کے ساتھ سفارتی تعلقات رکھنے والے چند ہی ممالک میں سے ایک چین نے البتہ ان الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے قوانین پر ہمیشہ عملدرآمد کرتا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کو تیل فراہم نہیں کیا جا رہا، چین[/pullquote]
چین نے جمعے کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اُس بیان کی تردید کر دی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس بات پر خوش نہیں ہیں کہ چین نے شمالی کوریا کو تیل کی فراہمی میں چھوٹ دے رکھی ہے۔ چین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹرمپ کا یہ الزام حقیقت پر مبنی نہیں۔ ایک جنوبی کوریائی اخبار Chosun Ilbo نے ایک امریکی انٹیلیجنس سیٹلائٹ سے اتاری گئی ایک تصویر شائع کی تھی اور لکھا تھا کہ ایک چینی بحری جہاز سے شمالی کوریائی ٹینکر پر تیل کی منتقلی دیکھی جا سکتی ہے۔ امریکی حکام نے اس جنوبی کوریائی اخباری رپورٹ کی تصدیق نہیں کی۔

[pullquote]کاتالونیا کی نئی اسمبلی کا اجلاس سترہ جنوری کو ہو گا[/pullquote]
اسپین کے وزیراعظم ماریانو راخوئے نے واضح کیا ہے کہ کاتالونیا کی نومنتخب اسمبلی کا اجلاس اگلے برس سترہ جنوری کو طلب کیا جائے گا۔ اسپین کے سیاسی عدم استحکام کے شکار علاقے کاتالونیا کی نئی پارلیمان کا الیکشن رواں مہینے کی اکیس تاریخ کو ہوا تھا۔ اس اسمبلی میں بھی علیحدگی پسند سیاسی جماعتوں کو 135 رکنی ایوان میں 70 نشستیں حاصل ہوئیں۔ میڈرڈ کی حامی سیاسی جماعت صرف 37 سیٹیں حاصل کر سکی۔ ہسپانوی وزیراعظم نے علاقائی اسمبلی کے نئے انتخابات کرانے کا فیصلہ سابقہ اسمبلی کی جانب سے آزادی کی قرارداد منظور کیے جانے کے بعد کیا تھا۔

[pullquote]ترکی جدید روسی میزائل خریدے گا[/pullquote]
ترک حکومت نے کہا ہے کہ وہ سن 2020 تک جدید روسی میزائل ایس چار سو (S-400) کی دو بیٹریاں خریدے گا۔ اس دفاعی ڈیل کو دونوں ملکوں نے جمعہ انتیس دسمبر کو حتمی شکل دی۔ ایس فور ہنڈرڈ روسی میزائل زمین سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں پہلی ترسیل سن 2020 کی پہلی سہ ماہی میں عمل میں آئے گی۔ اس دفاعی ڈیل کے تحت روس اور ترکی مشترکہ طور پر میزائل سازی کا سلسلہ جاری رکھ سکیں گے۔ اس ڈیل کی مالیت نہیں بتائی گئی۔ اس میزائل نظام کا انتظام روسی مشیروں کی جگہ ترک ماہرین کے ہاتھوں میں ہو گا۔

[pullquote]مصر میں قبطی گرجا گھر پر حملہ، نصف درجن سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]
قاہرہ کے جنوبی علاقے ہلوان میں واقع ایک چرچ اور ایک خریداری مرکز پر کیے جانے والے حملوں میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک حملے کا نشانہ ہلوان کا قبطی چرچ تھا۔ ہلوان میں حملے کا نشانہ بننے والا شاپنگ سینٹر بھی ایک قبطی مسیحی کی ملکیت ہے۔ مصری وزارت داخلہ نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں دو پولیس اہلکار اور سات شہری شامل ہیں۔ چرچ کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک موٹرسائیکل پر سوار ایک حملہ آور زخمی بھی ہوا، جسے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ حملہ آور ایک مطلوب دہشت گرد ہے، جو پہلے بھی کئی حملوں میں ملوث رہا ہے۔

[pullquote]زوما کی کرپشن: پارلیمان احتساب کرنے میں ناکام رہی، جنوبی افریقی عدالت[/pullquote]
جنوبی افریقہ کی اعلیٰ ترین آئینی عدالت نے اپنے ایک فیصلے میں کہا ہے کہ ملکی پارلیمان صدر جیکب زوما کا اُن کی طرف سے کرپشن کے معاملے میں احتساب کرنے میں ناکام رہی ہے۔ عدالت کے فیصلے سے صدر زوما کا مواخذہ بھی ہو سکتا ہے۔ اُن پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ذاتی مکان کی تزئین و آرائش پر ملکی خزانے سے پندرہ ملین ڈالر استعمال کیے تھے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ زوما انسداد بدعنوانی کے ادارے کی سفارشات کی پاسداری کرنے میں بھی ناکام رہے۔ زوما اس الزام کے بعد سے پانچ لاکھ ڈالر ملکی خزانے میں جمع کرا چکے ہیں۔ اُن کی سیاسی جماعت افریقی نیشنل کانگریس کی ایگزیکٹو کمیٹی اس عدالتی فیصلے پر دس جنوری کو اپنے ایک اجلاس میں غور کرے گی۔

[pullquote]چین جارحیت سے باز رہے، تائیوانی صدر[/pullquote]
تائیوان کی خاتون صدر سائی اِنگ وین نے جمعہ انتیس دسمبر کو بیجنگ حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ کسی بھی قسم کی فوجی جارحیت سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی تائیوانی تنازعے میں بیجنگ حکومت کا عسکری رویہ اب بہت واضح ہو گیا ہے اور چین کی عسکری مشقوں نے پورے مشرقی ایشیا کو متاثر کر رکھا ہے۔ تائیوان کی صدر نے واضح کیا کہ اُن کا ملک چین کے ایسے طرزعمل کو زیادہ برداشت نہیں کرے گا۔ قدامت پسند سائی اِنگ وین کی صدارتی الیکشن میں کامیابی کے بعد چین نے تائیوان کے قریبی سمندر میں فوجی مشقیں بھی کی تھیں۔

[pullquote]نیو یارک سٹی میں رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے ایک درجن افراد ہلاک[/pullquote]
امریکی شہر نیو یارک کے ایک رہائشی علاقے میں لگنے والی آگ کی لپیٹ میں آ کر کم از کم بارہ افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ شہر کے میئر کے مطابق چار دیگر افراد کی حالت تشویشناک ہے کیونکہ وہ بری طرح جل گئے ہیں۔ یہ آگ ایک پانچ منزلہ عمارت میں جمعرات کی شام لگی اور اُس پر کئی گھنٹوں کے بعد 170 فائر فائٹرز کی کوششوں سے قابو پایا جا سکا۔ اس عمارت میں موجود ایک درجن افراد کو بچا بھی لیا گیا۔ آتشزدگی کی وجوہات کی چھان بین جاری ہے۔

[pullquote]لائبیریا کے نائب صدر نے انتخابات میں شکست قبول کر لی[/pullquote]
لائبیریا کے نائب صدر اور صدارتی امیدوار جوزیف بواکائی نے صدارتی انتخابات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے کامیاب ہونے والے جارج وٍیّا کو مبارک باد دی ہے۔ ماضی کے فٹ بالر جارج وٍیّا ان انتخابات میں واضح اکثریت سے فتح یاب ہوئے ہیں۔ بواکائی نے دارالحکومت مونروویا میں اپنے حامیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اپنی انتخابی شکست تسلیم کی۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ان کے نام پر انسانی خون نہیں گرنا چاہیے۔ انہوں نے اپنے حامیوں کو بتایا کہ انہوں نے نومنتخب صدر وٍیّا کو ٹیلی فون کر کے مبارک باد پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ وٍیّا ماضی کے فٹ بال اسٹار ہیں۔ نوے کی دہائی میں وہ میلان کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے سال کے بہترین فٹ بالر کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔

[pullquote]راکٹ حملے کے بعد غزہ پر اسرائیلی حملے[/pullquote]
اسرائیلی ٹینکوں اور طیاروں نے جمعے کے روز غزہ میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ کارروائی غزہ سے جنوبی اسرائیلی علاقے میں راکٹ داغے جانے کے بعد کی گئی۔ اس اسرائیلی کارروائی کے نتیجے میں جانی نقصانات کی اطلاعات فی الحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ سے تین راکٹ اسرائیلی علاقے میں داغے گئے، جن میں سے دو کو اسرائیلی میزائل شکن نظام آئرن ڈوم نے فضا ہی میں تباہ کر دیا، جب کہ ایک راکٹ غزہ کے قریبی اسرائیلی علاقے میں گرا۔ اس راکٹ سے املاک کو تو نقصان پہنچا مگر کوکوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

[pullquote]انڈونیشیا: انسداد دہشت گردی کی پولیس میں اضافہ[/pullquote]
انڈونیشی حکام نے انسداد دہشت گردی کی ملکی پولیس میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈونیشی نیشنل پولیس کے سربراہ ٹیٹو کارناویان کے مطابق سینکڑوں تفتیش کاروں اور نگرانی کے عملے کو اس خصوصی پولیس کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس فیصلے کے تحت ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے کے لیے کم از کم چھ سو افراد کو دہشت گردی کے انسداد کی پولیس میں شامل کیا جائے گا۔ کارناویان نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کا نیٹ ورک انڈونیشیا اور جنوب مشرقی ایشیا میں فعال ہے اور اُس کی سرگرمیوں کی باریک بینی سے نگرانی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

[pullquote]جرمنی میں عام اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان[/pullquote]
وفاقی جرمن دفتر شماریات کے مطابق رواں برس کے آخری مہینے میں ملک میں اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں 1.7 فیصد کا رجحان دیکھا گیا۔ یہ شرح ماہرین کی توقع سے زیادہ ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال تھا کہ دسمبر میں اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں 1.5 فیصد تک کا اضافہ ممکن تھا۔ دوسری جانب جرمنی میں افراطِ زر میں بھی ہلکی سے کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یورپی مرکزی بینک نے اس رجحان کو حوصلہ افزاء قرار دیا ہے۔ جرمنی کو براعظم یورپ کے علاوہ یورو کرنسی استعمال کرنے والے ممالک میں سب سے بڑی معیشت کا حامل ملک قرار دیا جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے