اتوار: 31 دسمبر 2017 . پاکستان میں سال کے آخری دن کی اہم ترین خبریں

[pullquote]کے پی کے ہسپتال کی انتظار گاہ میں سردی کے باعث نومولود جاں بحق[/pullquote]

خیبر پختونخوا کے علاقے مردان میں مردان میڈیکل کمپلیکس (ایم ایم سی) کے شعبہ گائناکالوجی کےذمہ داروں کی جانب سے داخلے سے انکار کےبعد خاتون نے انتظار گاہ میں ہی بچی کو جنم دیا جو سردی کے باعث پیدا ہوتے ہی دم توڑ گئیں۔ابراہیم خان کلے کے رہائشی صابرالرحمٰن اپنی حاملہ بیوی کو ہسپتال لایا تھا جہاں ایمرجنسی میں ابتدائی طور پر معائنے کے بعد گائناکالوجی منتقل کردیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے شعبے میں خاتون کو داخل کرنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کیا کہ بچے کی پیدائش میں ابھی وقت ہے۔

اہل خانہ کا کہنا تھا کہ مریضہ کی گھرواپسی کے دوران دوبارہ طبیعت خراب ہوئی تو ہسپتال واپس چلے گئے لیکن ڈاکٹروں نے ان کے دوبارہ معائنے کی استدعا پر کوئی توجہ نہ دی۔ہسپتال کے شعبہ گائناکالوجی کے انتظار گاہ میں موجود خاتون کئی گھنٹوں تک شدید درد کے باعث کراہتی رہیں اور وہی پر بچی کو جنم دیا لیکن نومولود بچی شدید سردی کے باعث زیادہ دیر زندہ نہ رہ سکیں۔بچی کے ورثا نے ڈاکٹروں کے خلاف احتجاجی مظاہر ہ کیا ا ور بچی کی لاش کو وہاں سے اٹھانے سے انکار کرتے ہوئے گا ئنی وارڈ کے عملے کے خلاف کا رروائی کا مطا لبہ کیا۔اسسٹنٹ کشمنر (اے سی) مردان با بر تنو لی بھی ہسپتال پہنچے اور متا ثرہ خاندان سے ملاقات کی جس کے فوری بعد ہسپتال انتظا میہ بھی حر کت میں آگئی اور نوٹس لیتے ہوئے غفلت کے مر تکب عملے کے کئی ارکان کو معطل کردیا۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ایم ایم سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار نے کہا کہ پانچ ڈاکٹرز اور تین نرسوں کو واقعے کے بعد معطل کردیا گیا ہے معاملے کی تفتیش کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ڈاکٹر مختار کا کہنا تھا کہ کمیٹی تین روز کے اندر اپنی رپورٹ جمع کرائے گی جس کے بعد ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی ہوگی۔

[pullquote]حکومت نے نئے سال کا تحفہ دے دیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ[/pullquote]

حکومت نے نئے سال کی خوشیوں سے پہلے عوام پر پٹرول بم گرا دیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کر دیا گیا۔وزیر اعظم نے اوگرا کی سفارش پر قیمتوں میں رد و بدل کی منظوری دے دی۔ پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 6 پیسے فی لٹر کے حساب سے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے مطابق، پٹرول کی نئی قیمت 81 روپے 53 پیسے فی لٹر ہو گی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 96 پیسے فی لٹر کے حساب سے اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 89 روپے 91 پیسے ہو گی۔ مشیر خزانہ کے مطابق، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 25 پیسے فی لٹر کے حساب سے اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 58 روپے 37 پیسے ہو گی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 74 پیسے فی لٹر کے حساب سے اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 64 روپے 32 پیسے ہو گی۔ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے یہ بھی بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمیتں بڑھ رہی ہیں جس کی وجہ سے اندرون ملک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں۔

[pullquote]لیگی قائدین کا مشن سعودی عرب، نواز شہباز کی ون ٹو ون ملاقات[/pullquote]

سیاست کے نشیب و فراز نیا موڑ مڑنے لگے ہیں۔ لیگی قائدین کا مشن ریاض میں سرگرم ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہوئی۔ریاض کے ایک ہوٹل میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق، وزیر اعلیٰ پنجاب اور سابق وزیر اعظم کی اہم سعودی شخصیات سے بھی آج ہی ملاقات کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور چند دیگر لیگی اکابرین اور نواز شریف کے قریبی رفقاء بھی ان دنوں سعودی عرب ہی میں موجود ہیں۔

نواز شریف اور دیگر لیگی رہنماؤں کا دورہ سعودی عرب مسلسل افواہوں کے بھنور میں ہے۔ سیاسی مخالفین کے مطابق، دورے کا مقصد نواز شریف پر قائم مقدمات یا ان کی نااہلی کے فیصلے کے حوالے سے کسی مبینہ ریلیف پیکج پر غور کرنا ہے۔ تاہم لیگی حلقے اس افواہ کی مسلسل تردید کر رہے ہیں۔بعض مبصرین اس دورے کو پاک امریکہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال اور اس حوالے سے امریکہ کی پاکستان سے توقعات اور عرب ممالک میں جاری سیاسی و جنگی حالات کے تناظر میں بھی دیکھ رہے ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب میں اسٹیبلشمنٹ سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی: احسن اقبال[/pullquote]

وزیر داخلہ احسن اقبال نے نارووال میں میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں اسٹیبلشمنٹ سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، برطانوی جریدے کی رپورٹ جھوٹ کا پلندا ہے، 2018ء میں نواز شریف کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔وزیر داخلہ احسن اقبال نے مزید کہا کہ برطانوی جریدے کے رپورٹر کے ذہن کی خرابی ہے، بے بنیاد خبروں کا مقصد مسلم لیگ ن کی مقبولیت کو نقصان پہنچانا ہے، مسلم لیگ نون 2018ء میں نواز شریف کے ساتھ الیکشن لڑے گی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیرونی محاذ پر سازشیں ہو رہی ہیں، پاکستان کو شدید خطرات کا سامنا، اے پی سی ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے ہوئی، اے پی سی پاکستان دشمنوں کا ایجنڈا پورا کرے گی، اپوزیشن جماعتیں شکست کے ڈر سے انتخابات ملتوی کروانا چاہتی ہیں۔

[pullquote]لاہور: آصف زرداری کی داتا دربار اور بی بی پاک دامن کی درگاہ پر حاضری[/pullquote]

آصف زرداری نے لاہور میں ڈیرے ڈال لئے۔ داتا دربار اور بی بی پاک دامن کی درگاہ پر حاضری دی۔ پیپلز پارٹی نے الیکشن کیلئے تیاریاں تیز کر دیں۔ پنجاب میں امیدواروں کی تلاش کے لئے اجلاس طلب کر لیا گیا۔سابق صدر آصف زردای نے حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن، فیصل میر اور علامہ یوسف اعوان بھی سابق صدر کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر آصف زرداری کو تبرک کے طور چادریں پہنائی گئیں۔سابق صدر نے گڑھئ شاہو میں واقع بی بی پاک دامن کے مزار پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ آصف زرداری تنگ گلیوں سے گزر کر مزار پر پہنچے اور ملک و ملت کی سلامتی کے لئے دعا مانگی۔ سابق صدر کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے اسخت انتظامات بھی کئے گئے تھے۔

[pullquote]شہر شہر جشن سالِ نو کی تیاری، ون ویلرز، فائرنگ کرنیوالوں کی پکڑ دھکڑ کا فیصلہ[/pullquote]

ملک بھر میں نئے سال کا جشن منانے کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ مینار پاکستان کے پہلو میں گریٹر اقبال پارک میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ ہو گا۔ ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ روکنے کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔ مری میں موٹر سائیکل سواروں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔2017ء ہونے والا ہے پرانا اور آ رہا ہے 2018ء کا زمانہ۔ من چلے نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے پہلے سے تیار ہو چکے ہیں۔ خوب ہلہ گلہ ہو گا۔ موج مستی بھی عروج پر ہو گی۔ جبھی تو پولیس بھی ہوشیار ہے اور منچلوں کے استقبال کیلئے پھر تیار ہے۔

باغوں کے شہر لاہور میں مینار پاکستان کے پہلو میں گریٹر اقبال پارک میں رات بارہ بجے آتشبازی کا شاندار مظاہرہ ہو گا۔ بحریہ ٹاؤن میں بھی نئے سال کے آغاز پر آسمان پر خوب رنگ بکھریں گے۔ شہر میں 10 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ ون ویلرز اور ہلڑ بازی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کیلئے خصوصی سکواڈ بھی بنا دئیے گئے ہیں۔اسلام آباد کے لیک ویو پارک میں آتشبازی کا مظاہرہ ہو گا۔ راولپنڈی میں بھی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں آتش بازی ہو گی۔ جڑواں شہروں میں سکیورٹی پلان بھی تشکیل دیدیا گیا ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کے لئے خصوصی ٹریفک پلان کے تحت موٹر سائیکل سواروں کے شہر میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
حیدر آباد میں نیو ایئر نائٹ پر منچلوں کو ہوائی فائرنگ سے روکنے کیلئے اہم مقامات پر چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ کوئٹہ میں نیو ایئر نائٹ پر پولیس کے ساتھ ایف سی اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹی دیں گے۔

[pullquote]ایک یادگار سال کا اختتام، 2018ء پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا: آرمی چیف[/pullquote]

آرمی چیف نے نئے سال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایک یادگار سال کا اختتام ہو گیا، 2018ء پاکستان کے لئے انتہائی اہمیت کا سال ہو گا۔آرمی چیف نے مزید کہا ہے کہ 2018ء میں بڑے داخلی و خارجی چیلنجز پاکستان کو درپیش ہوں گے، ان چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کریں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ 2018ء غیرمعمولی چیلنجز کے ساتھ انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا، کوئی بھی پاکستان کے عزم کو شکست نہیں دے سکتا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے