پیر : یکم جنوری 2018 سال کے پہلے دن دنیا بھر میں کیا ہوتا رہا

[pullquote]امریکا نے پاکستان کو 15 سال تک امداد دے کر بیوقوفی کی، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی امداد کو بیوقوفی قرار دے دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’مریکا نے پاکستان کو 15 سال میں 33 ارب ڈالر سے زائد امداد دے کر بے وقوفی کی، پاکستان نے امداد کے بدلے ہمیں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا جبکہ وہ ہمارے رہنماؤں کو بیوقوف سمجھتا ہے۔‘انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کرتا ہے اور افغانستان میں دہشت گردوں کو نشانہ بنانے میں معمولی مدد ملتی ہے لیکن اب ایسا نہیں چلے گا۔‘

[pullquote]یمنی شہر حدیدہ میں سعودی عسکری اتحاد کے فضائی حملے، تئیس ہلاکتیں[/pullquote]

یمن میں عینی شاہدین اور سکیورٹی اہلکاروں کے مطابق بندرگاہی شہر حدیدہ میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے تازہ فضائی حملوں میں تئیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ آٹھ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ حکام نے بتایا کہ حدیدہ کے علاقے الجراحی کی ایک مارکیٹ میں ایک پٹرول پمپ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد وہاں آگ لگ گئی۔ اس حملے یا ہلاکتوں کے بارے میں سعودی عسکری اتحاد کی طرف سے تاحال کچھ نہیں کہا گیا۔

[pullquote]بنگلہ دیش: خالدہ ضیا کے بیٹے کے لیے سزائے موت کا مطالبہ[/pullquote]

بنگلہ دیش میں سرکاری دفتر استغاثہ نے ملکی اپوزیشن کی سربراہ اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے بیٹے کے لیے سزائے موت کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ سن 2004 میں ہوئے ایک ہلاکت خیز بم دھماکے میں خالدہ ضیا کے بیٹے طارق رحمان کے مبینہ کردار کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ اس دھماکے میں ملک کی موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ زخمی ہو گئی تھیں۔ تب شیخ حسینہ واجد کی قیادت میں نکالی گئی ایک ریلی پر کیے گئے اس بم حملے میں بیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس وقت شیخ حسینہ اپوزیشن میں تھیں اور وزیر اعظم خالدہ ضیا تھیں۔

[pullquote]ایران میں حکومت مخالف مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد دس ہو گئی[/pullquote]

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق جمعرات کے روز سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد دس ہو گئی ہے۔ جمعرات سے ایران کے مختلف شہروں میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، جب کہ ان میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای تک پر تنقید کی جا رہی ہے۔ مظاہرین حکومت سے مشرقِ وسطیٰ کی بابت پالیسیوں میں تبدیلی، بے روزگاری کے خاتمے اور مہنگائی میں کمی کے لیے مختلف شہروں کی گلیوں میں مارچ کر رہے ہیں۔ کئی مقامات پر مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کو اسی تناظر میں حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

[pullquote]آج نوے فیصد بچے ترقی پذیر ممالک میں پیدا ہوں گے، یونیسیف[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال کے اندازوں کے مطابق نئے سال کے پہلے دن دنیا بھر میں قریب تین لاکھ نوّے ہزار بچے جنم لیں گے۔ ان بچوں میں سے نوّے فیصد سے زائد کی ولادت ترقی پذیر ممالک میں ہو گی۔ یونیسف کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سن 2018 کو پیدا ہونے والے تین لاکھ نوّے ہزار کے لگ بھگ بچوں میں سے نصف کا تعلق نو ممالک سے ہو گا۔ ان ملکوں میں چین، بھارت، پاکستان، نائجیریا، امریکا، عوامی جمہوریہ کانگو، ایتھوپیا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

[pullquote]سال نو کے موقع پر تین لاکھ چھیاسی ہزار بچے پیدا ہوئے، یونیسیف[/pullquote]

آج پیر کو سال نو کے موقع پر دنیا بھر میں تقریباً تین لاکھ چھیاسی ہزار بچے پیدا ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بہبود اطفال یونیسیف کے مطابق ان میں سے نوے فیصد بچوں کا تعلق غیر ترقی یافتہ خطوں سے ہے۔ ان ممالک میں سر فہرست بھارت ہے، جہاں انسٹھ ہزار بچے پیدا ہوئے، اس کے بعد تقریباً 45 ہزار کے ساتھ چین بچوں کی پیدائش کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے۔ یونیسیف کے مطابق پیدا ہونے والےتقریباً ایک لاکھ نوے ہزار بچوں کا تعلق نو ملکوں سے ہے۔

[pullquote]کوسٹا ریکا میں ایک جہاز حادثے کا شکار، بارہ ہلاکتیں[/pullquote]

کوسٹا ریکا میں ایک فضائی حادثے میں بارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ چھوٹا جہاز ساحلی علاقے پنتا اسلیتا کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دس امریکی سیاح شامل ہیں۔ اس جہاز کی تباہی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

[pullquote]زیادہ تر یورپی ممالک ترکی کی یورپی یونین میں شمولیت کے حامی ہیں، ترک وزیرخارجہ[/pullquote]

ترک وزیرخارجہ مولود چاؤش اولو نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے زیادہ تر رکن ممالک ترکی کی اس بلاک میں شمولیت کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقرہ حکومت اب بھی چاہتی ہے کہ ترکی کو یورپی یونین کی مکمل رکنیت ملے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے سال میں جرمنی کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئے گی۔ چاؤش اولو نے کہا کہ اگر یورپی یونین یہ فیصلہ کرتی ہے کہ ترکی کی رکنیت کی درخواست پر پیش رفت نہ ہو، تو یہ اس کی مرضی، مگر انقرہ حکومت اب بھی یہی سمجھتی ہے کہ ترکی کو یورپی یونین کا مکمل رکن ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صرف جرمنی، آسٹریا اور ڈنمارک یورپی یونین میں ترکی کی رکنیت کی مخالفت کر رہے ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں جنازے کی ایک تقریب میں بم دھماکا، کم از کم 18 افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں ایک سابق ضلعی گورنر کی آخری رسومات کی تقریب میں ہونے والے بم دھماکے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کے روز مشرقی افغان صوبے ننگرہار میں پیش آیا۔ اس واقعے میں دیگر 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حکام نے اس بم حملے کے بارے میں ابتدائی طور پر کہا تھا کہ یہ ممکنہ خودکش حملہ ہو سکتا ہے، تاہم اب کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس حملے کے لیے بارود سے لدی ایک موٹرسائیکل کا استعمال کیا گیا۔ طالبان کی جانب سے ایک ٹوئٹر پیغام میں اس واقعے سے لاتعلقی کا اعلان کیا گیا ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں چین مخالف مظاہرہ[/pullquote]

ہانگ کانگ میں درجنوں افراد نے بیجنگ حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ چند روز قبل بیجنگ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ ہانگ کانگ شہر کے ریلوے اسٹیشنوں کے کچھ حصوں پر چینی قانون لاگو ہو گا۔ نیم خودمختار ہانگ کانگ بیجنگ اور برطانیہ کے درمیان ’ایک ملک دو نظام‘ کے معاہدے کے بعد سن 1997ء میں چین کے حوالے کیا گیا تھا۔ ہانگ میں اظہار رائے اور عدلیہ چینی قانون کے تابع نہیں ہے تاہم حالیہ کچھ عرصے میں مختلف چینی اقدامات کے بعد ہانگ ہانگ میں تاثر پایا جاتا ہے کہ شہر کی نیم خودمختار حیثیت خطرے میں ہے۔ ہانگ کانگ میں کچھ جمہوریت پسند کارکنوں کو حالیہ کچھ عرصے میں گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

[pullquote]بلغاریہ یورپی یونین کا صدربن گیا[/pullquote]

آج یکم جنوری سے بلغاریہ نے چھ ماہ کے لیے یورپی یونین کی صدارت سنبھال لی ہے۔ بلغاریہ کی وزیر برائے یورپی صدارت لِلیانہ پولووا ( Lilyana Pavlova ) کے مطابق ایک کامیاب صدارت کے دوران سیاسی سطح پر اتفاق رائے اور باہمی افہام و تفہیم سے معاملات حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ان چھ ماہ کے دوران بلقان کی اس ریاست کو سیاسی پناہ اور مہاجرین سے متعلق حکمت عملی اور بریگزٹ مذاکرات پر خاص طور پر توجہ مرکوز کرنی ہو گی۔ بلغاریہ یورپی یونین کا غریب ترین ملک ہے اور 2007ء سے اس کا حصہ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے