اتوار :14 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا جوہری ڈیل کو ختم کرنے میں ناکام ہو گیا، روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے کو ختم کرنے میں ناکام ہو گیا ہے اور یہ ایران کی فتح ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو اس معاہدے پر دستخط کرنے والے یورپی اتحادیوں کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انہوں نے اس جوہری ڈیل میں موجود ’تباہ کن سقم‘ ختم نہ کیے، تو امریکا اس معاہدے سے الگ ہو جائے گا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اس جوہری معاہدے کی تاہم عبوری طور پر 120 دن کے لیے توسیع کر دی تھی۔ سن 2015 میں طے پانے والے اس جوہری معاہدے کے تحت ایران کی جوہری سرگرمیوں کو محدود بنایا گیا تھا جب کہ اس کے بدلے اس پر عائد عالمی پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی۔

[pullquote]پرتگالی اپوزیشن کی مرکزی سیاسی پارٹی نے نیا لیڈر منتخب کر لیا[/pullquote]

یورپی ملک پرتگال کی مرکزی اپوزیشن سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے کارکنوں نے ملک کے دوسرے بڑے شہر پورٹو کے سابق میئر روئی ریو (Rui Rio) کو اپنا رہنما منتخب کر لیا ہے۔ انہوں نے پارٹی الیکشن میں سابق وزیراعظم پیڈرو سانتانا لوپیز کو شکست دی۔ اس الیکشن کے بعد پارٹی کی قیادت سے سابق وزیراعظم پیڈرو پاسوس کولیہو دستبردار ہو جائیں گے۔ نئے لیڈر رُوئی ریو کی عمر ساٹھ برس ہے اور وہ ماہر اقتصادیات ہیں۔ وہ پورٹو شہر کے بارہ برس تک میئر رہے تھے۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کو پرتگال میں قدامت پسند سیاسی حلقوں کی بڑھتی مقبولیت کے سامنے خاصی تگ و دو کرنی پڑ رہی ہے۔

[pullquote]امریکی ریاست ہوائی میں میزائل حملے کا غلط انتباہ[/pullquote]

امریکی ریاست ہوائی میں شمالی کوریا کی جانب سے ممکنہ جوہری حملے کے حوالے سے جاری کردہ ایک غلط تنبیہ کی وجہ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ بتایا گیا ہے کہ میزائل حملے سے پیشگی خبردار کرنے کے لیے ہوائی میں لاکھوں افراد کو موبائل فونز پر الرٹ وارننگ پیغام بھیجا گیا، تاہم خطرہ ٹلنے سے متعلق پیغام اگلے 40 منٹ تک ارسال نہ ہو سکا۔ ہوائی کے ہنگامی حالات سے نمٹنے والے محکمے کے ایڈمنسٹریٹر ویرن میاگی نے اس کوتاہی کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ گزشتہ ماہ بھی ہوائی میں یہ محکمہ اس وقت تنقید کا نشانہ بنا تھا، جب اس نے ایسی کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سرد جنگ کے دور کا سائرن متعارف کرایا، تاہم اس میں متعدد خرابیاں تھیں۔

[pullquote]ترکی: مسافر بردار ہوائی جہاز خوفناک حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا[/pullquote]

ترک صوبے ترابزون کے ہوائی اڈے پر اترنے والا مسافر طیارہ لینڈنگ کے بعد پھسل گیا۔ ہوائی جہاز رن وے سے پھسلتا ہوا قریب ہی بحیرہ اسود کے کنارے پر واقع چٹانی علاقے میں معلق ہو کر رہ گیا۔ عملے اور مسافروں کو ہوائی جہاز میں سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ اگر طیارہ اس چٹانی علاقے میں معلق نہ ہوتا تو اُس کے بحیرہ اسود میں گرنے پر خوفناک حادثہ رونما ہو سکتا تھا۔ اس طیارے پر عملے اور مسافروں کی تعداد 162 تھی۔ پیگاسس ایئر لائن کا یہ طیارہ انقرہ سے روانہ ہوا تھا۔ طیارے کے لینڈنگ کے بعد کے حادثے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

[pullquote]مظاہروں کے نتیجے میں گرفتار 55 افراد اب بھی جیلوں میں ہیں، ایران[/pullquote]

ایرانی حکومت نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ برس اٹھائیس دسمبر سے شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والے کئی مظاہرین کو رہا کر دیا گیا ہے۔ اس بیان کے مطابق اب صرف پچپن افراد جیلوں میں مقید رہ گئے ہیں۔ ایرانی وزارت انصاف کے ترجمان غلام حسین محسنی ایجاہی کے مطابق تقریباً چار سو افراد گرفتار کیے گئے تھے اور ان میں سے بیشتر کو ہفتہ تیرہ اور اتوار چودہ دسمبر کو رہا کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایک اصلاح پسند رکن پارلیمنٹ محمود صادقی نے گزشتہ ہفتے گرفتار ہونے والے مظاہرین کی تعداد پونے چار ہزار کے قریب بتائی تھی۔

[pullquote]اردنی سرحدوں کی نگرانی کے لیے جرمن فوجی گاڑیاں[/pullquote]

جرمنی کی خاتون وزیر دفاع اُرزولا فان ڈیئر لائن کے مطابق اردن کو سرحدوں کی مناسب نگرانی کے لیے جرمن فوجی گاڑیاں دی جائیں گی۔ اردنی فوج کی ٹریننگ کے لیے دو تربیتی ہوائی جہازوں اور درجنوں فوجی گاڑیوں کی فراہمی کا معاہدہ بائیس ملین ڈالر میں طے پایا ہے۔ اردن کو شام اور عراق کے ساتھ ملحقہ صحرائی سرحدی علاقوں میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ڈیرے ڈالے جہادیوں کے ممکنہ حملوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ جرمن وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ اس فوجی سامان کی فراہمی سے اردن اپنی سرحدوں پر نگرانی کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے قابل ہو جائے گا۔

[pullquote]شام میں کرد ملیشیا کے ٹھکانوں پر ترکی شیلنگ[/pullquote]

ترکی کی جانب سے شام میں کرد جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔ ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق ترک فورسز کی جانب سے شامی قصبے عفرین میں امریکی حمایت یافتہ کرد عسکری گروہ PYD کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ شام کے متعدد علاقے اس کرد تنظیم کے قبضے میں ہیں۔ ترکی کا الزام ہے کہ یہ تنظیم کالعدم گروہ کردستان ورکرز پارٹی سے تعلق رکھتی ہے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے دھمکی دی ہے کہ اس کرد گروہ کو کچل دیا جائے گا۔

[pullquote]حلب صوبے میں شامی فوج کی پیش قدمی جاری[/pullquote]

شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والے اپوزیشن کے مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ شامی صدر بشار الاسد کی حامی فوج حلب صوبے کے جنوبی علاقوں میں باغیوں کے خلاف کامیاب پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ فوج نے درجنوں دیہات اور قصبوں کو جہادیوں کے قبضے سے آزاد کروا لیا ہے۔ شامی فوج اس علاقے میں واقع اسٹریٹیجیک نوعیت کے ابو ظہور ایئر بیس پر قبضہ اور کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش میں ہے۔ ابو ظہور ایئر بیس پر حیات تحریر الشام نامی باغی گروپ کا قبضہ ہے۔ اس میں گروہ زیادہ تر وہ باغی شامل ہیں جو القاعدہ سے وابستگی رکھنے والے النصرہ فرنٹ میں شامل تھے۔

[pullquote]مشرقی جرمن صوبے میں ایس پی ڈی، میرکل کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کی مخالف[/pullquote]

مشرقی جرمن صوبے سیکسنی انہالٹ میں پارٹی کے ریاستی کنونشن میں جرمنی کی دوسری سب سے بڑی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان نے مخلوط حکومت کے خلاف فیصلہ دیا۔ ہفتے کے روز ہونے والے اس ووٹ میں پارٹی ارکان نے معمولی اکثریت سے یہ فیصلہ کیا کہ ایس پی ڈی کو وفاق میں قدامت پسندوں کے ساتھ مل کر حکومت نہیں بنانا چاہیے۔ اس سے فقط ایک روز قبل ایس پی ڈی اور قدامت پسندوں کے درمیان مذاکرات میں حکومت سازی کے لیے بات چیت پر اتفاق ہوا تھا۔ اس اتفاق رائے کی ابھی 21 جنوری کو بون شہر میں ایس پی ڈی کی پارٹی کانگریس میں توثیق ہونا ہے۔

[pullquote]گنی بساؤ کے وزیراعظم مستعفی[/pullquote]

مغربی افریقی ملک گنی بساؤ کے وزیراعظم امراؤ سی سوکو ایمبالو نے اپنے منصب سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ایمبالو کے مطابق انہوں نے ملک میں پیدا سیاسی بحران کو ختم کرنے کے لیے استعفیٰ دیا ہے۔ اس غریب افریقی ملک میں اگست سن 2015 میں سیاسی عدم استحکام اُس وقت پیدا ہوا تھا جب صدر خوسے ماریو واز نے اُس وقت کے وزیراعظم ڈومینگوس پریرا کو برخاست کر دیا تھا۔ امراؤ سی سوکو ایمبالو دسمبر سن 2016 سے وزیراعظم چلے آ رہے تھے۔ صدارتی دفتر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اُن کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]ایرانی تیل بردار جہاز کے لاپتا افراد کے بچنے کی امید نہیں[/pullquote]

ایک ایرانی حکومتی عہدیدار نے کہا ہے کہ چینی ساحل کے قریب حادثے کے بعد آتش زدگی کے شکار ہونے والے ایرانی تیل بردار جہاز کے عملے کے لاپتا افراد کے بچنے کی امید نہیں ہے۔ ایک ہفتہ قبل چینی ساحل کے قریب اس تیل بردار جہاز میں آتش زدگی کے بعد اس پر موجود عملے کے 32 افراد لاپتا ہو گئے تھے۔ ایک لاکھ چھتیس ہزار ٹن تیل کا حامل یہ جہاز ایک کارگو بحری جہاز سے ٹکرا گیا تھا۔ یہ واقعہ چینی شہر شنگھائی سے 160 ناٹیکل میل دور پیش آیا تھا۔

[pullquote]حماس کی ایک سرحدی سرنگ تباہ کر دی، اسرائیل[/pullquote]

اسرائیل نے اتوار کے روز غزہ پٹی سے اسرائیل اور مصر جانے والی ایک سرنگ تباہ کر دی ہے۔ گزشتہ دو ماہ میں یہ تیسرا موقع ہے، جب اس طرح کی کوئی سرنگ تباہ کی گئی ہے۔ اسرائیل نے حال ہی میں ایک نئی ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کیا ہے، جس کے تحت ایسی سرنگوں کی نشان دہی ہو جاتی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ یہ ڈیڑھ کلومیٹر طویل سرنگ تھی، جو قریب ایک سو اسی میٹر اسرائیلی علاقے میں تھے۔ بیان کے مطابق اس کے بعد یو شکل میں یہ سرنگ مصری علاقے میں داخل ہو جاتی تھی۔ فوجی بیان کے مطابق سرنگ کی تباہی کے واقعے میں کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔

[pullquote]جیکب زوما کا معاملہ دیکھ لیا جائے گا، رامافوسا[/pullquote]

جنوبی افریقہ کی حکمران سیاسی جماعت افریقن نیشنل کانگریس کے نئے سربراہ سیرل رامافوسا نے کہا ہے کہ جیکب زوما کے منصب صدارت سے علیحدہ ہونے کے معاملے کو پارٹی پالیسی کی روشنی میں دیکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار رامافوسا نے اتوار کو نشر کیے گئے ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں کیا۔ ایسا خیال کیا گیا ہے کہ افریقن نیشنل کانگریس کے نئے لیڈر اپنے حامیوں کے ساتھ موجود صدر زوما کو اگلے ہفتوں کے دوران منصب صدارت سے علیحدہ کرنے کی عملی کوشش کر سکتے ہیں۔ جیک زوما کو کرپشن الزامات کا سامنا ہے اور اس تناظر میں سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی اُن کے خلاف آ چکا ہے۔

[pullquote]حادثے کے شکار بھارتی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی[/pullquote]

بھارت کے مغربی ساحلے علاقے کے قریب سمندر میں ایک ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر کے ملبے سے مزید دو افراد کی لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں۔ بھارتی شہر ممبئی سے اڑنے والا یہ ہیلی کاپٹر پرواز کے کچھ ہی دیر بعد لاپتا ہو گیا تھا۔ اس ہیلی کاپٹر میں سات افراد سوار تھے جب کہ یہ ہیلی کاپٹر ایک بھارتی آئل کمپنی کی ملکیت تھا۔ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک چھ افراد کی لاشوں کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے، جب کہ اس ہیلی کاپٹر میں سوار ساتواں فرد اب تک لاپتا ہے۔

[pullquote]پیرو میں شدید زلزلہ، دو ہلاک سونامی کا انتباہ منسوخ[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک پیرو کے ساحلی علاقے میں اتوار چودہ دسمبر کو آنے والے شدید زلزلے کی وجہ سے کم از کم دوافراد کے ہلاک اور درجنوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.3 ریکارڈ کی ہے۔ پیرو کے وزیر صحت کے مطابق زلزلے سے ایک کان کے گرنے سے سترہ کان کن لاپتہ ہو گئے ہیں۔ اس زلزلے کے بعد بحر الکاہل کے علاقے میں زلزلوں کی صورت حال پر نگاہ رکھنے والے ادارے نے سونامی کی وارننگ جاری کی تھی جسے بعد ازاں منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اب بھی اس کا امکان ہے کہ چلی اور پیرو کی ساحلی علاقوں کو اگلے گھنٹوں کے دوران شدید سمندری ہلچل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے