منگل : 16 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بغداد میں دو خود کش حملوں میں 38 افراد ہلاک، 105زخمی[/pullquote]

عراق کے دارالحکومت بغداد کے مصروف ترین علاقے میں یکے بعد دیگرے دو خود کش حملوں میں کم از کم 38 افراد ہلاک اور 105کے قریب زخمی ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے علاقے طیاران اسکوائر پر دو خود کش بمباروں نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا لیا۔عراق میں فوج اور پولیس کی مشترکہ کمانڈ کے ترجمان جنرل سعد مان نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ خود کش حملوں میں 38 افراد ہلاک اور 105زخمی ہوئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے۔کسی بھی گروپ کی جانب سے تاحال حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے جب کہ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے حملوں کے بعد جوائنٹ آپریشن کمانڈ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا۔حیدر العبادی نے فورسز کو شدت پسندوں کے سلیپر سیلز ختم کرنے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے گزشتہ برس دسمبر میں داعش کے خلاف جنگ میں فتح کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 3 سالہ جنگ کے بعد بین الاقوامی شدت پسند تنظیم کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا پر پابندیوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس[/pullquote]

شمالی کوریا پر عائد عالمی پابندیوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے کینیڈا کے شہر وینکوور میں ایک اجلاس ہو رہا ہے۔ یہ اجلاس ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان بات چیت کا سلسلہ چل رہا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن سمیت اُن بیس ممالک کے وزرائے خارجہ اور سینیئر حکام شریک ہو رہے ہیں جنہوں نے 1950-53 کی کوريائی جنگ میں جنوبی کوریا کا ساتھ دیا تھا۔

[pullquote]یمن میں قحط کا خطرہ، خناق کا مرض تیزی سے پھیلتا ہوا[/pullquote]

گزشتہ تین برسوں سے جنگی تباہ کاریوں کے شکار ملک یمن کے اس سال قحط کا شکار ہو جانے کا خطرہ ہے۔ کئی امدادی اداروں کی طرف سے منگل کے روز بتایا گیا کہ اگر جنگ ختم نہ ہوئی اور امدادی اشیائے خوراک کی درآمد آئندہ بھی متاثر ہوتی رہی، تو یمن اس سال قحط کی لپیٹ میں آ جائے گا۔ اسی دوران عالمی ادارہ صحت نے بھی کہا ہے کہ یمن میں اب تک خناق کی بیماری کے قریب چھ سو اسّی کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ ان میں سے اڑتالیس واقعات میں یہ بیماری مریضوں کی جان بھی لے چکی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق یمن میں خناق کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔

[pullquote]آسٹریا میں پاکستانیوں، افغانوں سمیت درجنوں مشتبہ منشیات فروش گرفتار[/pullquote]

آسٹرین پولیس کے مطابق صوبے ٹیرول میں منشیات فروشوں کے ایک مشتبہ گروہ کے پینتالیس ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان میں مقامی آسٹرین اور چند جرمن شہریوں کے علاوہ کئی افغان، پاکستانی اور ایرانی تارکین وطن بھی شامل ہیں۔ ٹیرول پولیس کے ایک بیان کے مطابق یہ گروہ ویانا سے خریدی گئی منشیات کو ٹیرول پہنچانے کے لیے نابالغ تارکین وطن لڑکوں اور آسٹرین لڑکیوں کو استعمال کرتا تھا۔ گرفتار شدگان کی عمریں پندرہ اور اڑتالیس برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ چند گرفتار شدگان کا تعلق شام اور ترکی سے بھی بتایا گیا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں پناہ کے متلاشی تارکین وطن کی آمد میں واضح کمی[/pullquote]

دو ہفتے قبل ختم ہونے والے سال دو ہزار سترہ میں جرمنی میں تارکین وطن کی آمد میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔ اس دوران مجموعی طور پر پناہ کے متلاشی قریب ایک لاکھ چھیاسی ہزار نئے تارکین وطن اور مہاجرین کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ جرمن وزارت داخلہ نے منگل کے روز بتایا کہ دو ہزار سترہ میں جرمنی آنے والے تارکین وطن میں سب سے زیادہ تعداد شامی مہاجرین کی تھی، جن کے بعد دوسرے اور تیسرے نمبر پر عراقی اور افغان شہری رہے۔ اس سے قبل دو ہزار سولہ میں دو لاکھ اسی ہزار اور دو ہزار پندرہ میں آٹھ لاکھ نوے ہزار تارکین وطن اور مہاجرین نے جرمنی پہنچ کر پناہ کی درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

[pullquote]قطری شاہی خان کے فرد کی ابو ظہبی میں مبینہ گرفتاری[/pullquote]

قطری شاہی خاندان کے ایک فرد شیخ عبداللہ بن علی الثانی نے مبینہ طور پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس کے مطابق انہیں متحدہ عرب امارات میں زبردستی روکا گیا ہے۔ قطر کے دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ تنازعے کو حل کرانے میں بن علی الثانی ایک ثالث کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں شیخ عبداللہ کے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اس بات پر اصرار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی ایماء اور مرضی سے ابوظہبی آئے تھے اور جب چاہیں جہاں چاہیں واپس جا سکتے ہیں۔ قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دوحہ اس تمام معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]رومانیہ کے وزیر اعظم تُودوسے مستعفی ہو گئے[/pullquote]

رومانیہ کے وزیر اعظم میخائی تُودوسے نے صرف سات ماہ تک ملکی سربراہ حکومت رہنے کے بعد اپنےا ستعفے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے استعفے کی وجہ یہ بتائی کہ انہیں خود اپنی ہی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی مکمل حمایت حاصل نہیں رہی۔ اس سے قبل اس پارٹی کے ارکان نے کافی تعداد میں تُودوسے پر اعتماد کا اظہار کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس عدم اعتماد کی وجہ تُودوسے کے ایس پی ڈی کے سربراہ لِیویُو دراگنیا کے ساتھ اختلافات بنے۔ رومانیہ کے صدر نے ملکی وزیر اعظم کا استعفیٰ ابھی منظور نہیں کیا۔

[pullquote]شامی علاقے عفرین میں ترک فوجی آپریشن، ’شامی باغی بھی ساتھ‘[/pullquote]

صدر ایردوآن نے کہا ہے کہ ترک مسلح افواج شامی علاقے عفرین میں کرد ملیشیا گروپوں کے خلاف عنقریب جو آپریشن شروع کرنے والی ہیں، ان میں انہیں دمشق حکومت کے مخالف شامی باغیوں کی مدد بھی حاصل ہو گی۔ ترک صدر کا انقرہ کی پارلیمان میں منگل کے روز صحافیوں کے سامنے دیا جانے والا یہ بیان ایک بار پھر اس امر کا اشارہ ہے کہ ترکی شام میں کرد ملیشیا گروپوں کے خلاف وسیع تر کارروائی کرنے والا ہے۔ شام میں دمشق حکومت کے خلاف لڑنے والے کرد ملیشیا گروپوں کو امریکا کی عسکری حمایت حاصل رہی ہے، جو اب بھی جاری ہے۔

[pullquote]برلن فیشن ویک کا آغاز ہو گیا[/pullquote]

جرمن دارالحکومت میں ہر سال منعقد کیے جانے والے برلن فیشن ویک کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ نمائش جدید فیشن ملبوسات کی ایک انتہائی اہم نمائش ہوتی ہے، جو کل پیر کی رات باقاعدہ افتتاح کے ساتھ شروع ہوئی اور جمعے کے روز تک جاری رہے گی۔ اس دوران برلن کے مختلف حصوں میں آئندہ موسم خزاں اور موسم سرما کے فیشن رجحانات سے متعلق کئی کانفرنسوں اور کیٹ واکس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ برلن فیشن ویک کو جرمنی میں فیشن انڈسٹری کے سب سے بڑے سالانہ تجارتی اجتماع کی حیثیت حاصل ہے۔

[pullquote]امریکا مخالف انتہا پسند پاکستانی مذہبی رہنما صوفی محمد جیل سے رہا[/pullquote]

امریکا کی شدید مخالفت کرنے والے ایک انتہا پسند پاکستانی مذہبی رہنما صوفی محمد کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ صوفی محمد کی عمر اس وقت ترانوے برس ہے اور انہیں صوبے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی ایک جیل سے رہا کیا گیا۔ صوفی محمد پاکستانی طالبان کے حامی تصور کیے جاتے ہیں اور انہوں نے سوات میں تحریک نفاذ شریعت محمدی کی بنیاد رکھی تھی۔ ان کے وکیل کے مطابق ایک پاکستانی عدالت نے صوفی محمد کی بیماری کی وجہ سے ان کی رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

[pullquote]ترک صدر پوپ فرانسس سے ملاقات کریں گے[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوان کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے ویٹیکن میں ملاقات کریں گے۔ ویٹیکن پریس آفس کے مطابق یہ ملاقات پانچ فروری کو ہو گی۔ صدر ایردوان کا ویٹیکن کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ پوپ فرانسس اور ترک صدر کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی ملاقات سے متعلق تفصیلات ابھی فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ گزشتہ دسمبر میں صدر ایردوان اور پوپ فرانسس نے ٹیلیفون پر یروشلم کے تنازعے پر بات چیت کی تھی۔

[pullquote]نوبی جرمنی میں اسکول بس مکان سے ٹکرا گئی، بیس افراد زخمی[/pullquote]

جنوب مغربی جرمنی میں منگل کی صبح ایک اسکول بس ایک مکان سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم بیس افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ وفاقی صوبے باڈن ورٹمبرگ میں ایبرباخ نامی قصبے میں اس وقت پیش آیا، جب اسکول کے بچوں سے بھری ہوئی ایک بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک مکان کی دیوار سے جا ٹکرائی۔ زخمیوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کے فوری بعد متعدد ریسکیو ہیلی کاپٹر موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ایک مقامی ریڈیو کے مطابق تین بچے شدید زخمی ہیں۔

[pullquote]بھارتی حکومت نے حج سبسڈی ختم کردی[/pullquote]

بھارتی حکومت نے مسلمان کو دی جانے والی حج سبسڈی مکمل طور پر ختم کردی ہے۔بھارت حکومت وزیر برائے اقلیتی امورمختار عباس نقوی نے بھی حکومت کی جانب سے حج سبسڈی ختم کرنے کی تصدیق کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے 2012 میں مرکزی حکومت کو حکم دیا تھا کہ 2022 تک حج سبسڈی کو مرحلہ وار ختم کیا جائے۔ان کا کہنا ہے کہ ہر سال بھارتی حکومت حج سبسڈی پر 700 کروڑ خرچ کرتی ہے اور اب اس مد میں بچنے والی رقم اقلیتی برادری کی فلاح پر خرچ کی جائے گی۔اقلیتی امور کے وزیر کا کہنا تھا کہ امسال سعودی حکومت نے بھارت کے حج کوٹہ میں 5 ہزار کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد رواں سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 75 ہزار مسلمان بھارت سے حج کے لیے جائیں گے۔مختار عباس نقوی کے مطابق سفری اخراجات کم کرنے کے لیے آئندہ سالوں میں بھارت سے بحری جہازوں کے ذریعے بھی حجاز مقدس کا سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

[pullquote]بحث اور غصے میں بال پھینکنے پر بھارتی کپتان کوہلی کو جرمانہ[/pullquote]

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں امپائر سے بحث کرنے اور پھر غصے میں بال زمین پر دے مارنے کی وجہ سے جرمانہ کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ پیر پندرہ جنوری کو پیش آیا تھا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ کوہلی نے اس میچ میں امپائر سے کئی بار بحث کرنے کے علاوہ جارحانہ طریقہ بھی اپنایا تھا، جس پر انہیں ایک ’ڈی میرٹ‘ پوائنٹ کے علاوہ ان کی میچ فیس کے پچیس فیصد کے برابر جرمانہ کر دیا گیا۔

[pullquote]لیبیا کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر باغیوں کا حملہ، 12 افراد ہلاک[/pullquote]

لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر باغیوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ دو مسافر طیاروں کو بھی نقصان پہنچا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طرابلس کے مٹیگا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متصل فوجی اڈے میں قائم جیل سے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے اور ایئرپورٹ پر قبضے کے لیے باغیوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کی ذمہ دار ’’الردع خاصہ دار فورس‘‘ کے اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہوگئیں اور ایئرپورٹ آپریشن معطل کردیا گیا۔اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت جسے گورنمنٹ آف نیشنل اکارڈ (جی این اے) کہا جاتا ہے،اس کے ماتحت وزارت صحت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حملے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے جن میں سے 3 کی حالت تشویش ناک ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے